بچوں کی تخلیقیت کو بیدار کرنے کی ضرورت:پروفیسر غضنفر
قومی اردوکونسل کے صدر دفتر میں کریٹیو رائٹنگ اینڈ چلڈرن لٹریچر پینل کی میٹنگ
نئی دہلی،22مئی (ہ س)۔
قومی اردو کونسل کے صدر دفتر جسولہ، نئی دہلی میں 22مئی 2025کو کریٹیو رائٹنگ اینڈ چلڈرن لٹریچر پینل کی میٹنگ ہوئی جس کی صدارت معروف فکشن نگار ، شاعر اور ماہر درسیات پروفیسر غضنفر نے کی۔ میٹنگ میں قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال ،گورننگ کونسل کے ممبران میں جناب محمد شہزاد،جناب ارشد فریدی کے علاوہ این بی ٹی کے چیف ایڈیٹر اور جوائنٹ ڈائرکٹر جناب کمار وکرم ، ڈاکٹر امجد حسین حافظ کرناٹکی ، جناب اقبال برکی، ڈاکٹر نعیمہ جعفری پاشا، جناب سراج عظیم ،محترمہ شاہ تاج خان،محترمہ شائستہ یوسف، ڈاکٹر شمع کوثر یزدانی (اسسٹنٹ ڈائرکٹر، اکیڈمک)، ڈاکٹر مسرت(ریسرچ ا?فیسر، اکیڈمک)، ڈاکٹر عبد الباری(اسسٹنٹ ایڈیٹر) ، نہاں رباب(ریسرچ اسسٹنٹ، اکیڈمک)اور محمد افروز (ویب ماسٹر)وغیرہ شامل ہوئے۔
اس موقعے پر اظہار خیال کرتے ہوئے قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نے کہا کہ نئی نسل کی تربیت اور ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا میری اولین ترجیح ہے۔اسی لیے میں نے بچوں اور نوجوانوں کو سامنے رکھ کر یہ پینل بنایا ہے تاکہ نئی نسل کو ان کے ذوق کے مطابق علمی مواد فراہم کیا جا سکے۔کریٹیو رائٹنگ اینڈ چلڈرن لٹریچر پینل کے چیئرمین پروفیسر غضنفر نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ بچوں اور نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو بیدار کیا جائے تاکہ وہ اپنی تخلیقیت کا استعمال کر سکیں۔ تخلیقیت کے فروغ کے لیے ورکشاپ کا اہتمام کیا جائے۔ بچوں کی عمر کے اعتبار سے بیسک ووکیبلری تیار کیا جائے جن کی روشنی میں بچوں کی ذہنی سطح کے مطابق نصابات تیار کیے جا سکیں۔ این بی ٹی کے چیف ایڈیٹر اور جوائنٹ ڈائرکٹر جناب کمار وکرم نے کہا کہ اردو میں دوسری زبانوں سے بھی مواد ترجمے کی شکل میں لینے کی ضرورت ہے۔ اردو کی کلاسیکی کتابوں کو مختصرورڑن(Abridge Version) میں شائع کیا جائے۔ کمار وکرم نے کونسل کے کاموں کی بھی ستائش کی۔ کرناٹک اردو اکیڈمی کے سابق چیئرمین ڈاکٹر حافظ کرناٹکی نے کہا ہے کہ قومی اردو کونسل بچوں اور نئی نسل کے لیے بہت عمدہ کام کر رہی ہے۔ آج کی اس میٹنگ میں تقریباً 45 دیدہ زیب کتابوں کو منظوری دی گئی جو قومی تعلیمی پالیسی 2020 کو ذہن میں رکھ کر ورکشاپ موڈ میں تیار کی گئی تھیں۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ قومی اردو کونسل کے اراکین کس محنت و جاں فشانی سے کام کر رہے ہیں۔میٹنگ میں شرکا نے ایک سال کی مدت میں تیار کی گئی کتابوں کی اشاعت کی منظوری کے علاوہ سابقہ برسوں میں تیار کی گئی کتابوں کو بھی منظوری دی۔ اس موقعے پروزارت تعلیم حکومت ہند کے ایپ‘ راشٹریہ ای۔پستکالیہ’ سے بھی جڑنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔میٹنگ میں موجود ممبران نے گذشتہ ایک سال میں کیے گئے کاموں کی ستائش کرتے ہوئے نئے عزائم اور منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan