۔منصوبے کا تقریباً 89 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، تقریباً 250 درختوں کو ہٹانے اور دوسری جگہ منتقل کرنے کی منظوری کا انتظار
نئی دہلی، 12 مئی (ہ س)۔ دہلی حکومت نے برسوں سے پھنسے ہوئے بارہ پلہ فیز 3 فلائی اوور پروجیکٹ کو اس سال دسمبر تک مکمل کرنے کا عزم کیا ہے۔ پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) کے وزیر پرویش صاحب سنگھ ورما نے پیر کو پروجیکٹ سائٹ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اور باقی ماندہ کام بروقت مکمل کر لیا جائے گا۔
وزیر پرویش صاحب سنگھ نے کہا کہ اس فلائی اوور کو دسمبر 2025 تک فعال کرنے کا ہدف ہے۔ یہ دہلی کے لیے ایک اہم انفراسٹرکچر پروجیکٹ ہے، جو گذشتہ کئی برسوں سے غفلت اور لاپرواہی کا شکار ہے۔ بارہ پلہ فیز 3 پروجیکٹ مشرقی دہلی میں میور وہار فیز 1 کو جنوبی دہلی میں ایمس سے جوڑنے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ یہ فلائی اوور سرائے کالے خان کے قریب موجودہ بارہ پلہ کوریڈور سے منسلک ہو جائے گا، جس سے مشرقی-مغربی دہلی کے درمیان سفر تیز اور ہموار ہو جائے گا۔ اس پروجیکٹ کا مقصد دہلی میں ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرنا اور نقل و حرکت کو بہتر بنانا ہے۔
پی ڈبلیو ڈی حکام کے مطابق اس منصوبے پر تقریباً 89 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ تاہم باقی کام محکمہ جنگلات سے درختوں کی منتقلی کی منظوری نہ ہونے کی وجہ سے تعطل کا شکار ہے۔ تقریباً 250 درختوں کو ہٹا کر دوسری جگہ منتقل کرنے کی ضرورت ہے، جس کے لیے منظوری کا عمل آخری مراحل میں ہے۔
وزیر پرویش صاحب سنگھ نے واضح کیا کہ پروجیکٹ میں تاخیر کی بڑی وجہ پچھلی حکومت کی بے حسی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے ٹھیکیداروں کو وقت پر ادائیگی نہیں کی اور نہ ہی درختوں کی کٹائی اور منتقلی کا عمل شروع کیا۔ نتیجتاً یہ اہم منصوبہ برسوں اٹکا رہا اور لاگت بھی کئی گنا بڑھ گئی۔
وزیر پرویش صاحب سنگھ ورما نے کہا کہ بی جے پی حکومت اب درختوں کی منتقلی کے لیے ضروری منظوری حاصل کرنے کے لیے محکمہ جنگلات کے ساتھ فعال طور پر تال میل کر رہی ہے۔ محکمہ جنگلات سے ضروری منظوری جلد ملنے کی امید ہے۔ جس کے بعد منصوبے کے آخری مرحلے پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔
یہ منصوبہ 2014 میں منظور ہوا تھا اور 2015 میں تعمیراتی کام شروع ہوا تھا، اسے 2017 میں مکمل ہونا تھا، لیکن سابقہ حکومت کی عدم توجہی، محکمانہ ہم آہنگی کے فقدان اور انتظامی عدم فعالیت کے باعث یہ التوا کا شکار ہوتا رہا۔ یہ منصوبہ وقتاً فوقتاً منظوریوں میں تاخیر اور دیگر تکنیکی رکاوٹوں سے دوچار رہا۔
پی ڈبلیو ڈی حکام نے کہا کہ اب باقاعدہ معائنہ کیا جا رہا ہے اور تکنیکی رکاوٹوں کو دور کر دیا گیا ہے۔ تمام محکموں کے ساتھ ہم آہنگی بہتر ہوئی ہے جس سے کام کی رفتار میں اضافہ ہوا ہے۔ بارہ پلہ فیز 3 فلائی اوور کے کھلنے کے بعد لاکھوں مسافروں کو مشرقی اور جنوبی دہلی کے درمیان بہتر اور تیز ٹریفک کی سہولت ملے گی۔ اس سے دارالحکومت میں صاف، تیز اور موثر ٹرانسپورٹ سسٹم کو فروغ ملے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد