ممبئی، 10 مئی (ہ س)۔ ممبئی کے چھترپتی شواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر
سونے کی اسمگلنگ کا سنڈیکیٹ بے نقاب ہوا ہے جس میں سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس
(سی آئی ایس ایف) کے ایک اہلکار سمیت بائیکلہ کے رہنے والے شخص کی شمولیت سامنے
آئی ہے۔ کسٹمز کے ایئر انٹیلی جنس یونٹ نے کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 57.34 لاکھ
روپے مالیت کا 630 گرام سونا برآمد کر کے دونوں ملزمین کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق، 7 اور 8 مئی 2025 کی درمیانی
شب ایم آر ایچ انصاری کو خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ایئرپورٹ کے P3 ویسٹ سائڈ پارکنگ ایریا میں روکا گیا۔
ابتدائی پوچھ گچھ میں اس نے انکشاف کیا کہ اسے سونے کا پیکٹ سی آئی ایس ایف کے
اہلکار اے ڈھلے سے ملا تھا تاکہ وہ اسے ہوائی اڈے کے باہر پہنچا سکے۔ تلاشی کے
دوران ایک تھیلی برآمد ہوئی جس پر سیاہ ٹیپ چپکی ہوئی تھی، جسے کاٹنے پر موم کی
شکل میں سونے کی دھول حاصل ہوئی۔
کسٹمز افسران کے مطابق، سونے کا خالص
وزن 630 گرام تھا، جسے ضبط کر لیا گیا کیونکہ یہ غیر قانونی طور پر ملک میں لایا
جا رہا تھا۔ انصاری نے اپنے بیان میں اس پورے عمل میں شامل ہونے، سونے کی ملکیت نہ
ہونے، اور ماضی میں بھی اس قسم کی سرگرمیوں میں شامل ہونے کا اعتراف کیا۔ اس نے یہ
بھی تسلیم کیا کہ وہ اس عمل میں مالی فائدے کے لیے شریک ہوا۔
انصاری کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد
پر نوی ممبئی کے کھارگھر علاقے میں تعینات سی آئی ایس ایف اہلکار اے ڈھلے سے پوچھ
گچھ کی گئی۔ تفتیش کے دوران اس کی شمولیت ثابت ہونے پر اسے گرفتار کر لیا گیا۔ کسٹمز
نے اس پورے معاملے میں مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ اسمگلنگ کے اس نیٹ ورک کے
دیگر ممکنہ روابط کا پتا لگایا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / نثار احمد خان