کاستی گڑھ سڑک حادثے میں میاں بیوی جاں بحق، چار بچّے زخمی
جموں، 9 اپریل (ہ س)۔ ضلع ڈوڈہ کے کاستی گڑھ علاقے میں بدھ کی شام ایک دلخراش سڑک حادثے میں ایک ہی خاندان کے دو افراد جاں بحق جبکہ چار بچے شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ شام قریب ساڑھے چھ بجے اُس وقت پیش آیا جب ایک مال بردار گاڑی کاستی گڑھ سے دیار گلی راج گڑھ کی جانب جا رہی تھی کہ اچانک کنڈل کھاتی نالے کے قریب ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر تقریباً پانچ سو میٹر گہری کھائی میں جا گری۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں نے فوری طور پر ریسکیو کارروائی شروع کی، تاہم اس دوران ایک جوڑا موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ جاں بحق افراد کی شناخت لیاقت علی ولد منظور احمد ملک اور ان کی اہلیہ عاسیہ بانو زوجہ لیاقت علی، ساکن دیار گلی، ضلع رامبن کے طور پر کی گئی ہے۔ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں بلال احمد، سرفراز احمد، انذر احمد اور تنزیلہ دختر لیاقت علی شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) ڈوڈہ منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر