جموں, 8 اپریل (ہ س)جموں و کشمیر حکومت نے انکشاف کیا ہے کہ یونین ٹریٹری میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 28 ہزار 204 کنال اور 13 مرلہ سرکاری و چراگاہی اراضی غیر قانونی قبضے میں ہے۔اسمبلی اجلاس کے دوران ایم ایل اے فاروق احمد شاہ کے سوال کے تحریری جواب میں وزیر انچارج نے بتایا کہ غیر قانونی قابضین کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے گئے ہیں، اور ان کے نام پر موجود تمام اندراجات کو ختم کر دیا گیا ہے۔وزیر نے کہا کہ غیر قانونی قبضہ شدہ اراضی کو واگزار کرانے کے لیے خصوصی بے دخلی مہمات مسلسل جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک جموں و کشمیر میں زمین کے استعمال کی تبدیلی سے متعلق 3,555 درخواستوں کو منظوری دی گئی ہے، جن میں تجارتی، صنعتی اور رہائشی مقاصد شامل ہیں۔مزید بتایا گیا کہ 40 ہزار 151 کنال اور 17.5 مرلہ اراضی محکمہ صنعت و تجارت کو منتقل کی گئی ہے تاکہ صنعتی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔وزیر نے کہا کہ صرف گلمرگ میں 94 کنال اراضی منتقل کی گئی، جن میں 50 کنال ہردوبنی اور 44 کنال للپورہ گاؤں میں شامل ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر