پٹنہ، 25 اپریل (ہ س)۔نیٹپیپر لیک کے ماسٹر مائنڈ سنجیو مکھیا کو جمعرات کی رات پٹنہ سے بہار اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) اور اقتصادی جرائم یونٹ (ای او یو) کی مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ سنجیو مکھیا پر 3 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔
ای او یو کے اے ڈی جی نیئر حسنین خان نے جمعہکے روز کہا کہ سنجیو مکھیا نیٹ پیپر لیک کلیدی ملزم ہے اور وہ کافی دنوں سے مفرور تھا۔ 10 اپریل کو بہار پولیس نے سنجیو مکھیا پر 3 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کی رات موصول ہونے والے ایک ان پٹ کی بنیاد پرای او یو اور بہار ایس ٹی ایف نے دانا پور تھانہ علاقے کے شگونہ موڑ واقع ایک اپارٹمنٹ سے مشترکہ کارروائی کے بعد نیٹ پیپر لیک معاملہ کے ماسٹر مائنڈ سنجیو مکھیا کو گرفتار کیا۔ اس پوری کارروائی میں داناپور پولیس نے بھرپور تعاون کیا۔ ایس ٹی ایف سنجیو مکھیا سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سنجیو مکھیا اس سے قبل نورسرائے ہارٹیکلچر کالج میں تکنیکی معاون کے طور پر کام کر رہے تھے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے نیٹ امتحان میں طلبہ سے 40-40 لاکھ روپے لے کر سوالنامہ لیک کیا ۔ یہ پہلا معاملہ نہیں ہے جس میں ان کا نام آیا ہو۔ ان کا نام سال 2016 کے کانسٹیبل بھرتی امتحان میں پیپر لیک معاملے میں بھی جوڑا گیا تھا۔ اس کے علاوہ وہ بی پی ایس سی ٹیچر بھرتی گھوٹالہ میں پہلے ہی جیل جا چکے ہیں۔ چونکا دینے والی بات یہ ہے کہ ان کا بیٹا ڈاکٹر شیو کمار جس نے پی ایم سی ایچ سے ایم بی بی ایس کیا ہے، اس وقت جیل میں ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan