ایئرلائنز کی مسافروں سے اپیل، وقت سے 3 گھنٹے پہلے ایئرپورٹ پہنچیں
۔ ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر سخت حفاظتی
انتظامات، نئی ہدایات جاری
ممبئی، 9 مئی (ہ س)۔ ہندوستان اور پاکستان کے مابین جاری کشیدگی کے
سبب ہوائی اڈوں پر حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں، جس کے تحت مسافروں کو
پرواز سے کم از کم 3 گھنٹے پہلے ایئرپورٹ پہنچنے کی سختی سے ہدایت دی گئی ہے۔ یہ
قدم شہری ہوا بازی کی وزارت اور بیورو آف سول ایوی ایشن سیکورٹی کی جانب سے جاری
مشورے کے بعد اٹھایا گیا ہے۔
ملک کی کئی معروف ایئرلائنز نے اپنی
سفری ایڈوائزری میں واضح کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی سیکورٹی جانچ کے پیش نظر ایئرپورٹ
پر جلدی پہنچنا ضروری ہے تاکہ روانگی سے قبل تمام رسمی کارروائیاں مکمل کی جا
سکیں۔ ایئر انڈیا نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ چیک ان کا عمل پرواز
کی روانگی سے 75 منٹ پہلے بند کر دیا جائے گا، لہٰذا تمام مسافر وقت پر پہنچنے کو
یقینی بنائیں۔
اکاسا ایئر نے اپنے بیان میں کہا کہ
ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر اضافی حفاظتی اقدامات نافذ کیے گئے ہیں اور بغیر کسی
رکاوٹ کے سفر کے لیے ضروری ہے کہ مسافر روانگی سے کم از کم 3 گھنٹے قبل ہوائی اڈے
پر موجود ہوں۔ ایئرلائن نے زور دیا کہ تمام مسافروں کو حکومت سے منظور شدہ تصویری
شناختی کارڈ ساتھ رکھنا ہوگا۔ مزید برآں، ہر مسافر کو بورڈنگ سے پہلے ثانوی
سیکیورٹی جانچ سے گزرنا ہوگا، اور ہینڈ بیگ صرف 7 کلوگرام تک محدود ہوگا۔
انڈیگو ایئرلائن نے اپنے مسافروں کو
مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر معمولی حالات میں سخت حفاظتی اقدامات کے تحت اضافی
وقت لے کر ایئرپورٹ آئیں تاکہ سیکیورٹی اور دیگر لازمی کارروائیاں مکمل کی جا
سکیں۔ کمپنی نے مسافروں کے تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔ اسپائس جیٹ کی جانب سے بھی ایسے ہی
مشورے دیے گئے ہیں۔ ایئرلائن نے کہا کہ تمام مسافر بی سی اے ایس کی ہدایات پر عمل
کرتے ہوئے روانگی سے تین گھنٹے پہلے ایئرپورٹ پہنچیں تاکہ چیک ان اور بورڈنگ میں
کوئی تاخیر نہ ہو۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / نثار احمد خان