جموں, 25 اپریل (ہ س)۔ ڈوڈہ پولیس کی جانب سے مفرور مجرموں کے خلاف جاری مؤثر کارروائی کے نتیجے میں دو مفرور ملزمان نے آخرکار عدالت کے سامنے خودسپردگی کر دی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق باغ حسین اور سورمو گجرولد علی گجر ساکن کٹھوعہ، تھانہ بھدرواہ میں درج مقدمہ ایف آئی آر نمبر 138/2014، دفعہ 341، 323، 147 آر پی سی کے تحت نامزد تھے اور طویل عرصے سے قانون کی گرفت سے بچ رہے تھے۔ ان کے خلاف عدالت کی جانب سے دفعہ 512 کے تحت گرفتاری کے وارنٹ بھی جاری کیے جا چکے تھے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈوڈہ سندیپ مہتا کی ہدایت پر پولیس ٹیمیں ان کی گرفتاری کے لیے متحرک کی گئیں، تاہم ملزمان قانون کی گرفت میں نہ آ سکے۔ پولیس کی مسلسل کوششوں اور بڑھتے دباؤ کے نتیجے میں دونوں مفرور ملزمان نے آخرکار جے ایم آئی سی عدالت بھدرواہ میں خودسپردگی کر دی۔
واضح رہے کہ ڈوڈہ پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں مفروروں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور مہم جاری ہے، جس کے تحت تھانہ سطح پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر مطلوب افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر