جموں, 20 اپریل (ہ س)جموں و کشمیر کے ضلع رامبن میں مسلسل موسلا دھار بارش کے باعث زبردست لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، جس نے جموں۔سرینگر قومی شاہراہ کا ایک اہم حصہ مکمل طور پر مفلوج ہوگیا۔ اس قدرتی آفت کے نتیجے میں شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت بند ہو گئی اور سینکڑوں گاڑیاں گھنٹوں سے سڑک پر محصور ہیں۔حکام نے بتایا کہ شاہراہ چٹانوں، کیچڑ اور بھاری ملبے سے ڈھک گئی ہے، جس کے باعث مسافر گاڑیاں اور مال بردار ٹرک سڑک پر پھنس گئے ہیں۔موقع سے موصولہ مناظر نہایت دل دہلا دینے والے ہیں ،کیچڑ میں دھنسی گاڑیاں، اُکھڑی ہوئی چھتیں، اور ہر طرف بکھرا ہوا ملبہ اس قدرتی آفت کی شدت کو بیان کرتا ہے۔حکام نے بتایا کہ لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کئی گاڑیاں گہری کھائی میں جا گریں، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ یہ گاڑیاں سڑک کنارے پارک کی گئی تھیں۔انتظامیہ نے فوری طور پر سڑک کی صفائی اور آمد و رفت کی بحالی کے لیے مشینری اور عملہ متحرک کر دیا ہے۔مسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اطلاعات کے لیے صرف مستند سرکاری ذرائع سے رجوع کریں۔ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ ہم مسلسل کوشش کر رہے ہیں کہ سڑک کو جلد از جلد کلیئر کیا جائے اور پھنسے ہوئے مسافروں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔ بحالی کا عمل پوری رفتار سے جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر