فوج نے گلوان، سیاچن گلیشیئر پر 5 جی انٹرنیٹ خدمات کو شروع کرکے سنگ میل عبور کیا
جموں، 19 اپریل (ہ س)۔ ہندوستانی فوج نے ایک اہم پیش رفت کے تحت گلوان، سیاچن گلیشیئر اور دیگر دشوار گزار و بلند مقامات پر تیز رفتار اور قابل اعتماد موبائل نیٹ ورک کی سہولت فراہم کر دی ہے، جس سے اب ان علاقوں میں تعینات فوجی جوان اپنے اہل خانہ سے باآسانی رابطے میں رہ سکیں گے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ دنیا کے سب سے دشوار گزار اور حساس علاقوں جیسے دولت بیگ اولڈی ، گلوان، ڈیمچوک، چومار، باتلک، دراس اور سیاچن گلیشیئر میں 4 جی اور 5 جی موبائل کنیکٹیویٹی دستیاب ہوئی ہے۔
فوجی حکام کے مطابق مشرقی و مغربی لداخ سمیت سیاچن کے آگے کے علاقوں میں بے مثال نیٹ ورک کوریج فراہم کی گئی ہے، جو نہ صرف رابطے کا ذریعہ ہے بلکہ ان بلندیوں پر تعینات فوجیوں کے حوصلے بلند کرنے کا اہم سبب بھی ہے۔ اس کامیابی کے پس پردہ فوج کا مضبوط آپٹیکل فائبر انفراسٹرکچر، ٹیلی کام سروس پرووائیڈرز اور لداخ کی یو ٹی ایڈمنسٹریشن کے ساتھ شراکت داری شامل ہے۔
فائر اینڈ فیوری کور نے اس پورے عمل میں کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے لداخ اور کرگل کے مختلف مقامات پر جدید موبائل ٹاورز نصب کیے، جن میں چار بڑے ٹاور بھی شامل ہیں۔سیاچن گلیشیئر پر 5 جی موبائل ٹاور کی کامیاب تنصیب خاص طور پر قابل ذکر ہے، جسے مقامی آبادی اور اہلکاروں نے بے حد سراہا ہے۔ حکام کے مطابق یہ صرف ایک تکنیکی کامیابی نہیں بلکہ فوج کا ایسا بصیرت افروز اقدام ہے جو قومی یکجہتی، رابطے اور ترقی کے لیے اس کے عزم کی روشن مثال ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر