باغپت، 19 اپریل (ہ س)۔ باغپت ضلع میں انتظامیہ نے بغیر اجازت جلوس نکالنے کے ضمن میں مقدمہ درج کیا ہے۔ جمعہ کو نماز جمعہ کے بعد مسجد کے گیٹ پربلوچ پورہ گاؤں میں مسلمانوں نے وقف ترمیمی قانون کے خلاف مظاہرہ کیا تھا۔ پولیس نے 56 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔
ضلع کے بلوچ پورہ گاؤں میں نماز جمعہ کے بعد لوگ جمع ہو گئے اوراحتجاج کیا گیا۔ یہ احتجاج وقف ترمیمی ایکٹ کی مخالفت میں کیا گیا۔ پولیس نے جلوس کی ویڈیو فوٹیج اکٹھی کی، جس کے بعد 21 افراد کی شناخت کی گئی۔ پولیس نے 21 نامزد اور 35 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ احتجاج بغیر اجازت کے کیا گیا۔ ایک ہجوم جمع تھا جس سے امن و امان کی صورتحال خراب ہو سکتی تھی۔ پولیس نے عدالتی ضابطہ کی دفعہ 189، 292 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
مسلمانوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا کر وقف ایکٹ کے خلاف احتجاج کیا، نعرے لگائے اور اس قانون کو متنازعہ قرار دیتے ہوئے اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
باغپت کے پولیس سپرینٹنڈنٹ سورج کمار رائے نے کہا کہ کسی بھی جلوس کی اجازت نہیں ہے جس سے امن و امان میں خلل پڑے۔ جلوس نکالنے سے پہلے اجازت لینی چاہیے۔ بلوچ پورہ گاؤں میں بغیر اجازت جلوس نکالا گیا جس سے امن و امان کی صورتحال خراب ہو سکتی تھی۔ تمام ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد