(اپ ڈیٹ) دہلی کے مصطفی آباد میں عمارت گرنے کے حادثے میں مہلوکین کی تعداد 11 تک پہنچی
۔ایک ہی خاندان کے 8 افراد کے موت کی تصدیق
دہلی کے مصطفی آباد میں عمارت گرنے کے حادثے میں مہلوکین کی تعداد 11 تک پہنچی


نئی دہلی، 19 اپریل (ہ س)۔ دہلی کے مصطفی آباد علاقے میں سنیچر کی صبح ایک عمارت منہدم ہوگئی جس کے ملبے تلے کئی لوگ دب گئے۔ اس حادثے میں اب تک 11 لوگوں کی موت ہو چکی ہے، جن میں سے 8 افراد ایک ہی خاندان کے ہیں۔ اس حادثے میں مکان کے مالک تحسین (60) کی بھی موت ہو گئی۔

این ڈی آر ایف، فائر بریگیڈ، دہلی پولیس اور مقامی لوگ موقع پر بچاؤ کاموں میں مصروف ہیں۔ چار منزلہ عمارت آج صبح 2.39 بجے اچانک منہدم ہوگئی۔ حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے۔

دہلی پولیس نے اس حادثے میں 11 لوگوں کی موت کی تصدیق کی ہے اور ان کے ناموں کی فہرست بھی جاری کی ہے۔ مرنے والوں میں تین خواتین اور چار بچے بھی شامل ہیں۔ ان میں سے آٹھ افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ حادثے میں 11 افراد زخمی ہیں جن میں سے 6 کو علاج کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے اور 5 کا علاج تاحال جاری ہے۔

خیال کیا جاتا ہے کہ حادثے کے وقت عمارت میں 22 سے 24 افراد موجود تھے۔ این ڈی آر ایف حکام کے مطابق ان کی ٹیم آج صبح 4.50 بجے موقع پر پہنچی۔ ان کے پہنچنے سے پہلے ہی 10 سے 15 افراد کو مقامی لوگوں اور دیگر ایجنسیوں نے ملبے سے بچا لیا تھا۔ اب تک این ڈی آر ایف نے 8 لوگوں کو بچایا ہے جن میں سے 7 بے ہوش تھے۔ ایک خاتون کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔

ڈویژنل فائر آفیسر راجیندر اٹوال کے مطابق فائر بریگیڈ کو تقریباً 2:50 بجے ایک مکان کے گرنے کی اطلاع ملی۔ ہم نے موقع پر پہنچ کر دیکھا کہ پوری عمارت گر چکی ہے اور لوگ ملبے کے نیچے دب گئے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande