جامعہ ملیہ اسلامیہ میں عید ملن تقریب کا شاندار انعقاد
نئی دہلی،یکم اپریل(ہ س)۔
عید الفطر کی مناسبت سے جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ایک منفرد و شاندار عید ملن تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب، عید الفطر کی نماز کے فوراً بعد نہرو گیسٹ ہاو¿س کے دلفریب لان میں منعقد ہوئی، جس میں جامعہ کمیونٹی نے شوق و شغف کے ساتھ شرکت کی۔ شیخ الجامعہ، پروفیسر مظہر آصف، نے اس موقع پر تقریب کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ عید سعید ، صرف ایک مذہبی تہوار نہیں بلکہ اتحاد، امن و شانتی، محبت اور بھائی چارہ کا پیغام بھی ہے۔ انہوں نے خصوصی طور پر عید کے اس حسین موقع پر اسی آپسی محبت و بھائی چارہ کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ سب ایک مضبوط و یکجہتی کے رشتہ میں بندھ جائیں۔جامعہ ملیہ اسلامیہ کے رجسٹرار پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی نے بھی عید ملن تقریب کی افادیت اور اس کے مثبت اثرات پر روشنی ڈالی، اور بتایا کہ اس طرح کی تقریبات معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
واضح ہو کہ یہ تقریب نہ صرف ایک روحانی و مذہبی اجتماع تھی، بلکہ ایک سماجی و ثقافتی میل ملاقات بھی تھی، جس میں مختلف قومیتوں، مذاہب اور ثقافتوں کے لوگ ایک ہی لان میں جمع ہوکر اور آپس میں گلے مل کر خوشیوں کے تہوار کی مبارک باد پیش کی۔جامعہ ملیہ اسلامیہ کے مختلف شعبوں کے صدور، ڈائریکٹرز، ڈین، اساتذہ کرام اور نان ٹیچنگ اسٹاف کے علاوہ جامعہ برادری کے سیکڑوں افراد کی بہت بڑی تعداد نے اس عید ملن تقریب میں شرکت کی۔ عوام کی خوشی اور مسکراہٹوں نے تقریب کے ماحول کو دلکش بنا دیا۔لوگوں نے اس عید ملن پروگرام کے انعقاد پر شیخ الجامعہ پروفیسر مظہر آصف اور رجسٹرار پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی کی اس کاوش کو سراہا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais