نئی دہلی، یکم اپریل (ہ س)۔ راوس ایونیو کورٹ نے دہلی کے وزیر قانون کپل مشرا کے خلاف شمال مشرقی دہلی فسادات میں ان کے کردار کے سلسلے میں مزید تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ ویبھو چورسیا نے مشرا کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست قبول کرلی۔ اس سے قبل ککڑڈوما کورٹ نے بھی کپل مشرا کیس میں لاپرواہی برتنے پر جیوتی نگر پولس اسٹیشن کے ایس ایچ او کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا تھا۔راوس ایونیو کورٹ نے کہا کہ دہلی پولیس کی طرف سے پیش کردہ مواد کی بنیاد پر، اس کی موجودگی کرم پوری کے علاقے میں تھی اور اس کے خلاف ایک قابل شناخت جرم پایا گیا تھا، جس کی تحقیقات ہونی چاہئے۔ اس سے قبل ککڑڈوما کورٹ نے کہا تھا کہ یا تو تفتیشی افسر نے کپل مشرا کے خلاف کوئی تفتیش نہیں کی یا پھر اس نے کپل مشرا کے خلاف الزامات کو چھپانے کی کوشش کی۔ عدالت نے کہا کہ کپل مشرا ایک عوامی شخصیت ہیں اور ان کے بارے میں مزید تحقیقات کی ضرورت ہے، کیونکہ ایسے لوگ براہ راست عوام کی رائے کو متاثر کرتے ہیں۔ عوامی زندگی گزارنے والے شخص سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ آئین کے دائرے میں رہے۔ککڑڈوما کورٹ نے کہا تھا کہ کپل مشرا کے بیانات فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بری طرح متاثر کرتے ہیں۔ ایسے بیانات نہ صرف غیر جمہوری ہیں بلکہ ملک کے سیکولر اصولوں پر بھی حملہ ہیں۔ ایسے بیانات آئین کے بنیادی کردار کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ ککڑڈوما کورٹ نے کہا تھا کہ تعزیرات ہند کی دفعہ 153 اے فرقہ وارانہ اور مذہبی ہم آہنگی سے متعلق ہے۔ اس کا تعلق ملک کے ہر شہری کی ذمہ داری سے بھی ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan