ممبئی، 29 مارچ (ہ س) مہاراشٹر میں کانگریس پارٹی کو مزید مستحکم
کرنے کے لیے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکل نے تنظیمی تبدیلیوں کا عمل تیز کر دیا ہے۔
اس حکمت عملی کے تحت پارٹی کے سینئر لیڈروں کو مختلف اضلاع کا مبصر مقرر کیا گیا
ہے، جو مقامی سطح پر پارٹی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لے کر تفصیلی رپورٹ پیش
کریں گے۔ ان رپورٹوں کی بنیاد پر پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے میں ضروری ترامیم کی
جائیں گی، تمام خالی عہدے پُر کیے جائیں گے اور جہاں ضرورت ہو، وہاں نئے اور متحرک
چہروں کو بھی موقع دیا جائے گا۔
ہرش وردھن سپکل نے جمعہ کے روز ممبئی میں کانگریس
کے ریاستی دفتر تلک بھون میں نئے نامزد مبصرین کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا،
جس میں انہیں ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں جاکر مقامی عہدیداروں اور
کارکنوں سے ملاقات کریں اور زمینی صورتحال کا تجزیہ کریں۔ مبصرین کو 15 دن کے اندر
اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جس کے بعد پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے میں
ضروری اصلاحات کی جائیں گی۔
یہ اقدام مہاراشٹر میں کانگریس کو مزید فعال بنانے
اور آئندہ انتخابات کے لیے اسے بہتر طریقے سے تیار کرنے کے مقصد سے کیا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / نثار احمد خان