علی گڑھ، 29 مارچ (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی نیشنل سروس اسکیم (این ایس ایس) اکائی نے ”خواتین اور بچیوں کی سلامتی، عزت اور مشن شکتی“ کے موضوع پر ایک سیمینار منعقد کیا۔ یو پی ایس آئی سی ڈی اے، علی گڑھ کی منیجر محترمہ سیما سنگھ نے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے مشن شکتی یوجنا کی تفصیلات بیان کیں اور اسے صنفی تشدد کے خلاف ایک انقلابی قدم قرار دیا۔ انہوں نے معاشرے کے ہر طبقے سے خواتین کی حفاظت اور وقار کو یقینی بنانے میں فعال کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔
سماجی کارکن اور خواتین کے حقوق کی علمبردار محترمہ سنگھ نے کہاکہ حقیقی تبدیلی کے لیے صرف سرکاری اقدامات کافی نہیں، بلکہ پورے معاشرے کو اپنی سوچ بدلنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سماج میں خواتین کے احترام کی ثقافت کو فروغ دیں۔ این ایس ایس کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محسن خان نے سیشن کا آغاز کرتے ہوئے خواتین کے حقوق اور ان کے متعلق سماجی رویے پر روشنی ڈالی۔ پروگرام آفیسر مسٹر عبدالجبار سمیت محمد عمران خان، ناہید اکبری اور زیبا نے تقریب کے انعقاد میں تعاون کیا۔ پروگرام آفیسر محترمہ نازیہ بیگم نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ