اے ایم یو میں گوئٹے سوسائٹی آف انڈیا کی بین الاقوامی کانفرنس اکتوبر 2025 میں منعقد ہوگی، 15 اگست تک مقالات کی تلخیص طلب
علی گڑھ, 28 مارچ (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کا شعبہ غیرملکی السنہ، 30 اکتوبر سے 2 نومبر 2025 تک گوئٹے سوسائٹی آف انڈیا کی چار روزہ سالانہ بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔ کانفرنس کا عنوان ہے: مرض بطور بیانیہ: تاریخی ساختیات، حیاتی
اے ایم یو میں گوئٹے سوسائٹی آف انڈیا کی بین الاقوامی کانفرنس اکتوبر 2025 میں منعقد ہوگی، 15 اگست تک مقالات کی تلخیص طلب


علی گڑھ, 28 مارچ (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کا شعبہ غیرملکی السنہ، 30 اکتوبر سے 2 نومبر 2025 تک گوئٹے سوسائٹی آف انڈیا کی چار روزہ سالانہ بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔ کانفرنس کا عنوان ہے: مرض بطور بیانیہ: تاریخی ساختیات، حیاتیاتی سیاست اور انسانی حالت۔ جرمن اکیڈمک ایکسچینج سروس (ڈاڈ) کے اشتراک سے منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں ہندوستان، جرمنی اور دیگر ممالک کے اسکالرز شرکت کریں گے اور اس بات پر گفتگو کریں گے کہ مختلف سماج کس طرح صحت و بیماری پر مرکوز بیانیہ کی تشکیل و توضیح کرتے ہیں۔

یہ ایک بین العلومی کانفرنس ہوگی جہاں طب، ثقافت، اور طاقت کے ڈھانچوں کے پیچیدہ تعلق پر گفتگو کی جائے گی۔ مشہور فلسفی مائیکل فوکو کے بایو پولیٹکس اور سوسان سونٹیگ کے بیماری کے استعارہ کے نقد سمیت مختلف فلسفیانہ تصورات زیر بحث آئیں گے اور سماج، سیاست اور شناخت پر صحت کے بیانیہ کے اثرات کا تجزیہ کیا جائے گا۔

فیکلٹی آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کے ڈین اور شعبہ غیر ملکی السنہ کے چیئرمین پروفیسر محمد اظہر نے کہا کہ اے ایم یو ایک مؤقر بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کرنے جارہا ہے۔ یہ نہ صرف ہماری علمی سرگرمیوں کو فروغ دے گا بلکہ بین الثقافتی علمی روابط کو بھی مضبوط کرے گا۔ موجودہ دور میں صحت کے بیانیے سماجی اور سیاسی گفتگو میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، اس لیے یہ موضوع انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

شعبہ میں جرمن زبان کے اسسٹنٹ پروفیسر اور گوئٹے سوسائٹی آف انڈیا کی ایگزیکٹو کونسل کے رکن مسٹر سید سلمان عباس نے اسے ہند-جرمن علمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک نادر موقع قرار دیا۔

کانفرنس میں شرکت کے خواہشمند اسکالرز اپنے تحقیقی مقالات کی تلخیص (250-300 الفاظ) انگریزی یا جرمن زبان میں 15 اگست 2025 تک ڈاکٹر مہر بھوٹ، سکریٹری، گوئٹے سوسائٹی آف انڈیا کو ای میل آئی ڈی goethe.india@gmail.com پر ارسال کرسکتے ہیں۔ منتخب شرکاء کو 10 ستمبر 2025 تک مطلع کر دیا جائے گا۔

کانفرنس میں کلیدی خطبات، پینل مباحثے اور ثقافتی پروگرام بھی شامل ہوں گے۔ مزید تفصیلات کے لیے گوئٹے سوسائٹی آف انڈیا سے ای میل آئی ڈی goethe.india@gmail.com پر یا اے ایم یو کے شعبہ غیر ملکی السنہ سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande