نئی دہلی، 26 مارچ (ہ س)۔ دہلی ہائی کورٹ نے نئی دہلی سیٹ سے دہلی حکومت کے وزیر پرویش ورما کے انتخاب کو چیلنج کرنے والی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے نوٹس جاری کیا ہے۔ جسٹس جسمیت سنگھ کی بنچ نے پرویش ورما، الیکشن کمیشن اور نئی دہلی سیٹ سے امیدوار رہے سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال سمیت 23 امیدواروں کو نوٹس جاری کیا ہے۔ کیس کی اگلی سماعت 27 مئی کو ہوگی۔
یہ عرضی وشوناتھ اگروال نے دائر کی ہے۔ سماعت کے دوران وشوناتھ اگروال کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل نے کہا کہ الیکشن لڑنے کے لیے اہلیت کے تمام معیارات کو پورا کرنے کے باوجود الیکشن افسر نے انہیں 3 بجے سے پہلے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی اجازت نہیں دی۔
دہلی اسمبلی انتخابات 2025 میں پرویش ورما نے اپنے قریبی حریف اروند کیجریوال کو 4089 ووٹوں سے شکست دی۔ پرویش ورما کو کل 30088 ووٹ ملے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ آج ہائی کورٹ نے دہلی اسمبلی انتخابات میں دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ آتشی مارلینا کے انتخاب کو چیلنج کرنے والی عرضی پر نوٹس جاری کیا ہے۔ آتشی کے خلاف درخواست کالکاجی اسمبلی حلقہ کے رہائشی کمل جیت سنگھ دگل اور آیوش رانا نے دائر کی ہے۔ پٹیشن میں کالکاجی اسمبلی سیٹ سے آتشی کے انتخاب کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ آتشی مارلینا اور ان کے انتخابی نمائندے نے اسمبلی انتخابات کے دوران بدعنوان طریقوں کا استعمال کیا۔ عرضی میں کہا گیا کہ اسمبلی انتخابات سے ایک دن قبل آتشی مارلینا کا قریبی ساتھی 5 لاکھ روپے نقد کے ساتھ پکڑا گیا تھا اور وہ آتشی مارلینا کی ہدایت پر ووٹروں کو رشوت دے رہا تھا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ آتشی مارلینا کا ایسا کرنا عوامی نمائندگی ایکٹ کی دفعہ 123(1) کے تحت بدعنوانی کے مترادف ہے۔
آتشی نے بی جے پی امیدوار رمیش بدھوری کو 3521 ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی۔ آتشی کو کل 52154 ووٹ ملے جبکہ بیدھوری کو 48633 ووٹ ملے۔ کانگریس امیدوار الکا لامبا تیسرے نمبر پر رہیں اور انہیں صرف 4392 ووٹ ملے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد