امیٹھی، 18 مارچ (ہ س)۔ ضلع کے جگدیش پور کوتوالی علاقے کے تحت رائے بریلی ایودھیا روڈ پر واقع ریلوے کراسنگ کو عبور کرتے وقت کنٹینر ایک مال گاڑی سے ٹکرا گیا۔ جس کی وجہ سے ایک طرف جہاں کنٹینرز کے ٹکڑے ہو گئے تو وہیں دوسری طرف مال گاڑی کے انجن سمیت ریلوے ٹریک کی بجلی کی سپلائی بری طرح متاثر ہو گئی ہے۔ کنٹینر اور ٹرین کا ڈرائیور دونوں زخمی ہو گئے ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ رات تقریباً ڈھائی بجے ریلوے کراسنگ کھلی ہوئی تھی اور گٹی سے لدا ایک کنٹینر ریلوے کراسنگ کو عبور کر رہا تھا۔ تبھی مال گاڑی آگئی اور مال گاڑی کی زد میں آکر کنٹینر کے ٹکڑے ہو گئے۔ جس کی وجہ سے مال گاڑی کے انجن کے ساتھ ساتھ ریلوے ٹریک کی بجلی کی سپلائی بھی بری طرح متاثر ہوئی۔ زوردار آواز سن کر ریلوے اسٹیشن سے آر پی ایف سمیت کئی لوگ ریلوے پھاٹک پر پہنچ گئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شدید زخمی کنٹینر ڈرائیور اور زخمی مال گاڑی ڈرائیور کو علاج کے لیے جگدیش پور کمیونٹی ہیلتھ سنٹر پہنچایا۔ کنٹینر ڈرائیور کی سنگین حالت کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹر نے اسے فوری طور پر ضلع اسپتال ریفر کر دیا۔ واقعہ کے بعد گیٹ مین موقع سے فرار ہے۔
اس معاملے میں جگدیش پور کوتوالی کے انچارج انسپکٹر دھیریندر کمار یادو نے بتایا کہ کنٹینر ڈرائیور سونو چودھری (28) ولد پرشورام چودھری ساکن مروتیا ضلع بستی کو تشویشناک حالت میں کمیونٹی ہیلتھ سینٹر جگدیش پور سے ضلع اسپتال ریفر کیا گیا ہے۔ جبکہ مال گاڑی کا ڈرائیور جو کہ معمولی زخمی ہوا تھا کو سی ایچ سی میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ حادثے کے بعد ریلوے ٹریک کی پاور سپلائی خراب ہوگئی جس کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ ریلوے ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت جلد بحال کر دی جائے گی۔ مال گاڑی ابھی تک کھڑی ہے۔ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی کو کرین کی مدد سے ریلوے ٹریک سے ہٹا دیا گیا ہے۔ امن و امان مکمل طور پر برقرار ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن