جموں, 18 مارچ (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ پاڈر ویلی میں ایڈونچر اور مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت خطے میں ماحولیاتی سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے کے لیے پرعزم ہے۔پاڈر ویلی ضلع کشتواڑ کے جنوب مشرقی علاقے میں واقع ہے اور لداخ کے زنسکار اور ہماچل پردیش کے پانگی سے متصل ہے۔وہاں نیلم کی کانوں کے لیے مہشور مذہبی مقام واقع ہے ۔وزیر اعلیٰ نے اسمبلی میں بی جے پی کے رکن اسمبلی سنیل شرما کے سوال کے تحریری جواب میں کہا کہ پاڈر میں ٹریکنگ، ماؤنٹینئرنگ اور ریور رافٹنگ جیسے ایڈونچر سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ مچیل ماتا یاترا بھی کامیابی سے جاری ہے، جس میں گزشتہ سال تین لاکھ عقیدت مندوں نے شرکت کی تھی۔انہوں نے بتایا کہ 30 سے زائد نوجوانوں کو بنیادی ماؤنٹینئرنگ، ریور رافٹنگ اور پیرا گلائیڈنگ کی تربیت دی گئی ہے، جبکہ شیو مندر سے کندل تک رافٹنگ کے مقامات کو باضابطہ طور پر نوٹیفائی کیا گیا ہے۔تین مختلف دورانیے کے ٹریکنگ روٹس متعارف کرائے گئے ہیں اور متعدد پروموشنل ایونٹس منعقد کیے گئے ہیں۔عمر عبداللہ نے کہا کہ حکومت رجسٹرڈ ہوم اسٹے کی تعداد میں اضافہ کرکے معیاری رہائش کے مواقع فراہم کرے گی اور دیہی و دور افتادہ علاقوں میں سیاحت کو فروغ دے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر انڈسٹریل پالیسی 2021 کے تحت سیاحت کے شعبے کو صنعت کا درجہ دیا گیا ہے، جس کے تحت کاروباری حضرات کو مختلف مراعات فراہم کی جا رہی ہیں۔وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ کشتواڑ میں ماحولیاتی سیاحت کے فروغ کے لیے گلاب گڑھ میں ٹینٹ رہائش، گلاب گڑھ-مچیل راستے پر عوامی سہولیات، سائن بورڈز اور کیوسک کی تعمیر سمیت دیگر ترقیاتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر