پٹنہ، 18 مارچ (ہ س)۔پردھان منتری آواس یوجنا(گرامین) کے تحت مالی سال 17-2016 سے 22-2021 کے دوران بہار کو 37لاکھ 1ہزار 138 رہائش کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جسے حاصل کرنے کی مہم کے تحت 37لاکھ 696 رہائش کی تعمیر کو منظوری دیتے ہوئے 36 لاکھ 58ہزار 874 رہائش گاہ کی تعمیر مکمل کرائی گئی ہے۔ منظور شدہ نشانے کی تکمیل میں کچھ رکاوٹیں پیدا ہوئی جس کے سبب 41822 رہائش گاہ کی تعمیر نامکمل ہے۔ یہ باتیں محکمہ دیہی ترقیات کے وزیر شرون کمار نے بی جے پی کے سینئر رکن اسمبلی امریندر پرتاپ سنگھ کے سوال کے جواب میں کہی امریندر پرتاپ نے 44301 رہائش کی تعمیر نامکمل رہنے کا دعویٰ کرتے ہوئے اس کا جواز حکومت سے پوچھا جس پر وزیر دیہی ترقیات نے نامکمل رہائش گاہوں کی تعداد سے اختلاف کیا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ منصوبہ کے تحت رہائش کی تعمیر مستحق لوگوں کے ذریعہ خود کی جاتی ہے۔ جو لوگ امدادی رقم حاصل ہونے کے باوجود مقررہ پیمانہ اور شرائط کے مطابق رہائش کی تعمیر مکمل نہیں کرتے ہیں انہیں وہائیٹ نوٹس اور لال نوٹس جاری کیاجاتاہے اور ضابطے کے مطابق رقم کی وصولی کی جاتی ہے۔ نامکمل رہائش کی تعمیر مکمل کرانے کے لئے محکمہ کی سطح سے ویڈیو کانفرنسنگ سمیت مختلف ذرائع سے مستقل نگرانی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بدعنوانی میں ملوث پائے جانے والے لوگ یا افسران کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائےگی۔ وزیر دیہی ترقیات نے آر جے ڈی رکن مکیش کماریادو کے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ کابینہ سکریٹریٹ کے 25اگست 2023 کے حکم کے مطابق بلاک یا سرکل کی سطح پر مختلف محکموں کے افسران کے درمیان رابطہ قائم کرنے کے لئے بلاک سطح کی رابطہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں بی ڈی او کو ممبر سکریٹری نامزد کیاگیاہے۔
اس کے ساتھ ہی بی ڈی او پنچایت سمیتی کے اکزکیوٹیو افسر بھی ہوتے ہیں جس سے ان کی سطح پر مختلف افسران کے درمیان روابط میں سہولت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کے سبھی علاقائی دفاتر میں بہار بایومیٹرک اٹینڈنس سسٹم یکم جون 2022 سے نافذ ہے جس کے توسط سے افسر یا ملازم کے ذریعہ اپنے دفتر میں حاضری درج کی جاتی ہے۔ اگر کسی وجہ سے بائیومیٹرک حاضری درج نہیں ہو پاتی ہے تو وہاں جسمانی طور پر حاضری رجسٹر پر درج کی جاتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan