جموں, 18 مارچ (ہ س) گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) راجوری کے ایسوسی ایٹ اسپتال میں اچانک پراسرار آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث اسپتال میں افرا تفری مچ گئی۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر مریضوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جبکہ عملے اور دیگر افراد کو بھی بحفاظت باہر نکالا گیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔فائر بریگیڈ اور دیگر ہنگامی خدمات نے برق رفتاری سے کارروائی کرتے ہوئے آگ بجھانے کی کوششیں شروع کیں اور مسلسل دو گھنٹے کی سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ اس دوران اسپتال میں موجود مریضوں اور تیمارداروں میں خوف و ہراس کی کیفیت برقرار رہی۔انتظامیہ نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما بھی فوری طور پر اسپتال پہنچے اور وہاں موجود مریضوں اور ڈاکٹروں سے ملاقات کر کے صورتحال کا جائزہ لیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر