15 Mar 2025, 2:16 HRS IST

ڈوڈہ میں دو لکڑی کے اسمگلرز پی ایس اے کے تحت گرفتار
جموں، 14 مارچ (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں حکام نے لکڑی کی غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت حراست میں لے لیا، جبکہ بھدرواہ فاریسٹ ڈویژن کے ڈویژنل فاریسٹ آفیسر اور چرالہ رینج آفیسر کو بھی عہد
ڈوڈہ میں دو لکڑی کے اسمگلرز پی ایس اے کے تحت گرفتار


جموں، 14 مارچ (ہ س)۔

جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں حکام نے لکڑی کی غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت حراست میں لے لیا، جبکہ بھدرواہ فاریسٹ ڈویژن کے ڈویژنل فاریسٹ آفیسر اور چرالہ رینج آفیسر کو بھی عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔یہ کارروائی 26 نومبر کو شائع ہونے والی ایک میڈیا رپورٹ کے بعد کی گئی، جس میں بھدرواہ کے چرالہ رینج کے ٹانٹنابلاک میں سو سے زائد مخروطی درختوں کی غیر قانونی کٹائی کی نشاندہی کی گئی تھی۔ رپورٹ کے بعد چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ اور چناب کے کنزرویٹر آف فاریسٹ کی جانب سے کئی تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جنہوں نے صورتحال کا جائزہ لیا۔

چناب سرکل کے کنزرویٹر آف فاریسٹ، سندیپ کمار کے مطابق، تحقیقات میں غیر قانونی لکڑی کاٹنے کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد ملوث افراد کے سابقہ ریکارڈ کی بنیاد پر کارروائی کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ دو عادی مجرموں کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے، جنہیں گزشتہ رات حراست میں لے کر جیل بھیج دیا گیا۔حکام کے مطابق گرفتار افراد میں ہاشم دین ماگرے، ساکنہ کوٹھل اور بلال احمد وانی، ساکنہ وانی پورہ شامل ہیں۔ ماگرے کے خلاف جنگلاتی قوانین کے تحت نو جبکہ وانی کے خلاف تین مقدمات درج ہیں، علاوہ ازیں وہ محکمہ جنگلات کے اہلکاروں پر حملوں میں بھی ملوث رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ نے ان دونوں کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ نافذ کرنے کی منظوری دی ۔سندیپ کمار نے خبردار کیا کہ دیگر عادی مجرموں کی بھی شناخت کی جا رہی ہے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ اگر کوئی سرکاری اہلکار غیر قانونی درختوں کی کٹائی میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اسی معاملے میں بھدرواہ ڈویژنل فاریسٹ آفیسر اور چرالہ رینج آفیسر کو ان کے عہدوں سے ہٹا کر چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ کے دفتر، جموں میں منسلک کر دیا گیا ہے۔دریں اثنا، نیشنل گرین ٹریبیونل نے ڈوڈہ کے مونا نالہ علاقے میں سو سے زائد درختوں کی غیر قانونی کٹائی پر از خود نوٹس لیتے ہوئے محکمہ جنگلات کے چیف کنزرویٹر، وزارت ماحولیات و جنگلات اور ضلع مجسٹریٹ ڈوڈہ کو نوٹس جاری کر کے تفصیلی جواب طلب کر لیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande