حیدرآباد، 14 مارچ (ہ س)۔
وزیراعلی ریونت ریڈی نے آج نئی دہلی میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے ملاقات کی اورتلنگانہ رائزنگ کے فروغ میں مرکزسے ہرممکن تعاون کی اپیل کی۔وزیراعلی نے جاریہ سال حیدرآباد میں منعقد ہونے والے مختلف بین الاقوامی پروگراموں کی تفصیلات سے واقف کرایا اورآئندہ 25 برسوں میں تلنگانہ ریاست کو ملک کی سرفہرست ریاست کے طورپرترقی میں مرکزسے تعاون کو ناگزیرقراردیا۔ جاریہ سال حیدرآباد میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی ایونٹس میں مس ورلڈ، گلوبل دیپ ٹیک سمٹ، بھارت سمٹ، اینیمیشن گیمنگ، وی ایف ایکس اورانڈیا جوائے شامل ہیں جس کے ذریعہ تلنگانہ عالمی سطح پر تفریحی اور سیاحتی مرکز کے طور پر اُبھرے گا۔ ریاست میں بین الاقوامی ایونٹس کے کامیاب انعقاد میں مرکز سے تعاون کی اپیل کی۔ وزیراعلی نے جے شنکر سے درخواست کی کہ تلنگانہ رائزنگ پروگراموں کے بیرون ملک انعقاد اور سفارتی تعلقات کے فروغ کی مساعی کریں تاکہ بین الاقوامی ایونٹس کامیاب ہوں۔ جے شنکر نے کہاکہ تلنگانہ تیزی سے ترقی پذیر ریاستوں میں شامل ہے اور حیدرآباد جیسے شہر میں بین الاقوامی ایونٹس کے انعقاد میں ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ جے شنکر سے ملاقات کے موقع پر سابق وزیر خارجہ سلمان خورشید، ارکان پارلیمنٹ ملو روی، کرن کمار ریڈی اور انیل کمار یادو موجود تھے۔ چیف منسٹر نے بین الاقوامی ایونٹس کے انعقاد کے سلسلہ میں سلمان خورشید سے صلاح و مشورہ کیا۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق