جموں, 13 مارچ (ہ س)جموں و کشمیر وقف بورڈ کی صدر درخشاں اندرابی نے مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے جموں و کشمیر اتحاد المسلمین اور عوامی ایکشن کمیٹی پر پابندی کے فیصلے کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے دیگر گروپوں پر بھی پابندی عائد کی جائے جو وادی میں امن و خوشحالی کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔درخشاں اندرابی نے کہا کہ وزارت داخلہ کا یہ اقدام قابلِ ستائش ہے، کیونکہ ہم نہیں چاہتے کہ امن میں کوئی خلل پیدا ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں ملی ٹنسی میں کمی کے باعث لوگ سکون کا سانس لے رہے ہیں، اس لیے ایسے تمام گروپوں پر پابندی عائد ہونی چاہیے جو جموں و کشمیر کے امن میں خلل ڈالنے کے درپے ہوں۔واضح رہے کہ وزارت داخلہ نے 11 مارچ کو اعلان کیا تھا کہ 'جموں و کشمیر اتحاد المسلمین' اور 'عوامی ایکشن کمیٹی' کو 'غیر قانونی تنظیمیں' قرار دیتے ہوئے ان پر پانچ سالہ پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ وزارت نے الزام عائد کیا کہ یہ تنظیمیں ملک کی خودمختاری، سالمیت اور سلامتی کے لیے خطرہ بنی ہوئی تھیں اور علیحدگی پسندی کو فروغ دے رہی تھیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر