نئی دہلی، 13 مارچ (ہ س)۔ اسٹاک مارکیٹ میں کمزوری کے باوجود جمعرات کو کرنسی مارکیٹ میں روپیہ مضبوط ہوا۔ روپیہ آج ڈالر کے مقابلے میں 21 پیسے مضبوط ہوا اور دن کے کاروبار کے بعد 87.00 روپے فی ڈالر پر بند ہوا۔ اس سے قبل گزشتہ کاروباری دن بدھ کو ہندوستانی کرنسی 87.21 روپے فی ڈالر پر بند ہوئی تھی۔
ہندوستانی کرنسی نے آج صبح 87.13 روپے پر تجارت شروع کی، ڈالر کے مقابلے میں 8 پیسے کی مضبوطی ہوئی۔ امریکی کرنسی کی مانگ میں اضافے کے باعث انٹرا ڈے ٹریڈ کے دوران روپیہ 87.14 روپے تک کمزور ہوگیا۔ لیکن بعد میں اس نے شاندار بحالی کی اور 28 پیسے کے اضافے کے ساتھ 86.93 روپے فی ڈالر کی سطح تک پہنچنے میں کامیاب رہا۔ تاہم، ٹریڈنگ کے اختتام پر، ہندوستانی کرنسی اپنی بلند ترین سطح سے 7 پیسے گر کر 87.00 روپے فی ڈالر پر بند ہوئی۔
کرنسی مارکیٹ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ مثبت میکرو اکنامک ڈیٹا اور امریکی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے ہندوستانی کرنسی مستحکم دکھائی دے رہی ہے۔ اس حوالے سے کیپیکس گولڈ اینڈ انویسٹمنٹ کے سی ای او راجیو دتہ نے کہا کہ خام تیل کی قیمتوں میں نرمی کی وجہ سے آج روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے۔ اس کے ساتھ برآمد کنندگان کی جانب سے کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کے بہاؤ میں اضافے کی وجہ سے بھی روپے کو سہارا ملا۔
راجیو دتہ کے مطابق روپے کی قدر آج مزید بڑھ سکتی تھی لیکن غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے فروخت کے دباؤ کی وجہ سے روپے کی قدر میں اضافہ روک دیا گیا۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ اگر ملکی اسٹاک مارکیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے فروخت کے رجحان کو نہ روکا گیا تو کرنسی مارکیٹ میں روپے کی قدر پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی