مہاراشٹر : نائجیرین شہری 26.18 لاکھ روپے کی منشیات کے ساتھ گرفتار
ممبئی، 5 فروری (ہ س)۔ مہاراشٹر
کے پالگھر ضلع میں پولیس نے ایک نائجیرین شہری کو 26.18 لاکھ روپے مالیت کی منشیات
کے ساتھ گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کو یہ بھی معلوم ہوا کہ مذکورہ شخص ہندوستان میں
غیر قانونی طور پر مقیم تھا۔
پولیس کے اینٹی نارکوٹکس سیل کی ایک ٹیم نے پیر کے
روز وسائی علاقے میں وجے لکشمی نگر کے قریب ایک مشتبہ شخص کو گھومتے ہوئے دیکھا۔
اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس (کرائم) مدن بلال کے مطابق، تلاشی لینے پر پولیس نے ملزم کے
قبضے سے 1.497 کلوگرام ایفیڈرین برآمد کی، جس کی مالیت 20.99 لاکھ روپے ہے، اسی کے
ساتھ اس کے پاس سے 17.3 گرام کوکین بھی
برآمد ہوئی، جس کی قیمت 5.19 لاکھ روپے ہے۔
تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ گرفتار شخص
گھانا سے تعلق رکھنے والا نائجیرین شہری ہے، جو قانونی دستاویزات کے بغیر غیر
قانونی طور پر ہندوستان میں رہ رہا تھا۔ ملزم کوئی درست سفری یا رہائشی دستاویز
پیش کرنے میں ناکام رہا۔
پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر اس کے خلاف
نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹراپک سبسٹینس (این ڈی پی ایس) ایکٹ اور فارنرز ایکٹ کے
تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
ہندوستھان
سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / نثار احمد خان