اے بی کے ہائی اسکول میں الوداعی تقریب منعقد
علی گڑھ, 19 فروری (ہ س) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے عبدالبصیر خاں ہائی اسکول میں دسویں جماعت کے طلبہ کے لیے ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف ثقافتی تقاریب منعقد کی گئیں۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد عباس نیازی، ڈائرکٹر،النیاز پبلک اسکول
الوداعی تقریب کا منظر


علی گڑھ, 19 فروری (ہ س) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے عبدالبصیر خاں ہائی اسکول میں دسویں جماعت کے طلبہ کے لیے ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف ثقافتی تقاریب منعقد کی گئیں۔

مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد عباس نیازی، ڈائرکٹر،النیاز پبلک اسکول اور سابق پرنسپل، اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ تعلیم اور اپنی شخصیت دونوں میں اعلیٰ معیار کے حصول کی کوشش کریں۔

انھوں نے کہا ”کامیابی صرف تعلیمی دستیابیوں تک محدود نہیں ہے بلکہ دوسروں کے تئیں ہمدرد، مخلص اور ذمہ دار ہونا بھی کامیابی کا غماز ہوتا ہے۔ اپنے اندر مثبت قدروں کو پروان چڑھائیں اور اپنے اسکول کے لئے باعث فخر بنیں“۔

مہمان اعزازی، بیسک شکشا ادھیکاری دفتر، علی گڑھ کے مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (ایم آئی ایس) کوآرڈینیٹر اور اے بی کے اسکول کے سابق طالب علم جناب محمد طارق نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی مادر علمی پر فخر کریں، کیوں کہ یہ اسکول بہت سے کامیاب افراد کے لیے ایک بنیاد رہا ہے۔ اپنی جڑوں سے وابستہ رہیں، سخت محنت کریں اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں۔

قبل ازیں مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے پرنسپل ڈاکٹر ثمینہ نے نظم و ضبط اور استقامت کی اہمیت پر زور دیا۔ انھوں نے یونیورسٹی کے عہدیداروں بشمول پروفیسر اسفر علی خان، ڈائرکٹر آف اسکولس، اے ایم یو کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور طلبہ کو اپنے اہداف پر مرکوز رہنے کی ترغیب دی۔

طلبہ نے ناٹک، ڈانس، نغموں اور تقاریر کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ ہیڈ بوائے عاطف حسن نے الوداعی خطبہ دیا۔ اس موقع پر مختلف ایوارڈ پیش کیے گئے، جن میں عاطف حسن کو مسٹر اے بی کے، وکرانت چودھری کو اسٹوڈنٹ آف دی ایئر اور سرفراز احمد خاں کو مسٹر فیئرویل کا خطاب دیا گیا۔ عبداللہ کو مسٹر ایوننگ اور ارحم عثمانی کو مسٹر اسپورٹس کے خطاب سے نوازا گیا۔ اس موقع پر میوزیکل چیئر اور گلوو پک کے تفریحی مقابلے بھی ہوئے۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande