پونے میں کچرے کے پلانٹ میں شدید آتشزدگی، فائر بریگیڈ موقع پر موجود
پونے، 14 مارچ (ہ س)۔ نرھے-ڈھیری روڈ پر پاری کمپنی کے قریب واقع
کچرے کے پلانٹ میں آج صبح 2:30 بجے کے قریب شدید آگ لگ گئی۔ غنیمت رہی کہ اس حادثے
میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے آنند نگر سینٹر، نوالے
سینٹر، کٹراج اور ایرندوانہ سے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر طلب کی گئیں، جبکہ
پانی کے ٹینکر بھی منگوائے گئے۔
یہاں گیلے اور خشک کچرے کو الگ کیا جاتا ہے، جس کے
باعث کچرے کے بڑے بڑے ڈھیر موجود تھے۔ آگ پر قابو پانے کے لیے جے سی بی کی مدد سے
کچرے کے ڈھیروں کو ہٹانے کا کام جاری ہے۔ آنند نگر فائر اسٹیشن کے سربراہ پربھاکر
امرتکر کے مطابق، فائر بریگیڈ مسلسل آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے۔
ڈھیری سنگھ گڑھ روڈ پر واقع اس ویسٹ پلانٹ کے قریب
کئی بڑے ہاؤسنگ پراجیکٹس موجود ہیں۔ تاہم بروقت کارروائی کے سبب آگ مزید نہیں
پھیلی اور ایک بڑی تباہی ٹل گئی۔ مقامی شہریوں کی بروقت اطلاع پر فائر بریگیڈ موقع
پر پہنچی اور آگ بجھانے کا کام شروع کیا۔
اس سے قبل جون 2022 میں بھی اسی کچرے کے پروجیکٹ
میں اسی طرح کی آگ لگ چکی ہے۔ علاقہ مکینوں کا مطالبہ ہے کہ رہائشی علاقے میں ہونے
کی وجہ سے اس منصوبے کو کسی اور مقام پر منتقل کیا جائے۔ اس واقعے کے بعد یہ بحث
بھی زور پکڑ رہی ہے کہ آیا آگ خودبخود لگی یا کسی نے جان بوجھ کر لگائی۔ آگ لگنے
کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
ہندوستھان
سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / نثار احمد خان