واشنگٹن، 13 فروری (ہ س)۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی فرانس کا دورہ مکمل کرنے کے بعد امریکہ کے دورے پر دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے ہیں۔ ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ہندوستانی وقت کے مطابق صبح 5.32 پر انہوں نے ایکس پر لکھا، ’’کچھ دیر پہلے واشنگٹن ڈی سی میں اترا ہوں۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات کرنے اور ہندوستان-امریکہ جامع عالمی اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو آگے بڑھانے کے منتظر ہوں۔ ہمارے ممالک اپنے لوگوں کے فائدے اور ہمارے سیارے کے بہتر مستقبل کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔‘‘
وزیر اعظم مودی کی یہاں آمد پر ہندوستانی تارکین وطن نے بھی ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیر اعظم نے ایکس پر لکھا، ’’سردی کی ٹھٹھرن میں پرتپاک استقبال۔ سرد موسم کے باوجود، واشنگٹن ڈی سی میں ہندوستانی باشندوں نے میرا بہت خاص خیر مقدم کیا ہے۔ میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘ اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی کی امریکہ کے نیشنل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر تلسی گبارڈ سے ملاقات ہوئی ہے۔ ایکس پر یہ معلومات شیئر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے لکھا، ’’گبارڈ کے ساتھ ہندوستان امریکہ دوستی کے مختلف پہلووں پر تبادلہ خیال کیا۔ وہ ہمیشہ ہندوستان کی مضبوط حامی رہی ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی اپنے دورے کے دوران واشنگٹن ڈی سی کے بلیئر ہاوس میں قیام کریں گے۔ ان کی آمد سے قبل بلیئر ہاوس پر امریکی پرچم کی جگہ ہندوستانی پرچم لہرا یا گیا۔ وزیر اعظم مودی اور صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ دو طرفہ ملاقات ہونے والی ہے۔ مودی بدھ کو فرانس سے امریکہ روانہ ہوئے۔ یہ ان کے دو ممالک کے دورے کا دوسرا مرحلہ ہے۔ وہ 10 فروری کو فرانس پہنچے تھے۔
وزیر اعظم مودی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ ذاتی اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں کرنے والے ہیں۔ وہ ان چند عالمی رہنماوں میں شامل ہیں جو 20 جنوری کو ٹرمپ کے حلف اٹھانے کے بعد امریکہ کا دورہ کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم مودی اپنے دورہ امریکہ کے دوران کاروباری رہنماوں اور ہندوستانی برادری کے ارکان سے بھی بات چیت کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن