
نئی دہلی، 30 دسمبر (ہ س)۔
دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی قیادت میں دہلی حکومت کی کابینہ نے منگل کو کئی اہم فیصلے لیے ہیں۔ فیصلے آئندہ اسمبلی اجلاس کو لے کر تھے۔ حکومت نے طے کیا ہے کہ اجلاس کے دوران آلودگی اور ماحولیات کے مسئلے پر تفصیلی اور کھلی بحث ہوگی۔ حکومت خود ماحولیات اور آلودگی کو لے کر تجویز لائے گی۔
وزیر سیاحت کپل مشرا نے دہلی سکریٹریٹ میں منعقدہ پریس کانفرنس میں ان فیصلوں کی جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ دہلی اسمبلی کا اجلاس 5 جنوری سے 4 دنوں کے لیے منعقد کیا جائے گا، جس میں حکومت کی جانب سے کئی اہم تجاویز پیش کی جائیں گی۔ کپل مشرا نے کہا کہ اسمبلی اجلاس کے دوران آلودگی اور ماحولیات کے مسئلے پر تفصیلی اور کھلی بحث ہوگی۔ حکومت خود ماحولیات اور آلودگی کو لے کر تجویز لائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ایوان میں گزشتہ 20 سالوں کی صورتحال سے جڑی سائنسی رپورٹیں رکھی جائیں گی اور آلودگی سے متعلق کمیوں کے ساتھ ساتھ مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی بحث کی جائے گی۔ اس بحث میں سبھی فریقوں کو اپنی بات رکھنے کا موقع دیا جائے گا۔
اس دوران کپل مشرا نے عام آدمی پارٹی (عآپ) پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کے رہنما جھوٹ کی سیاست کی علامت بن چکے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ 10 سالوں تک جھوٹ کے سہارے اقتدار میں رہنے کے بعد عوام نے انہیں مسترد کر دیا ہے۔ مشرا نے کہا کہ جس گناہ کی وجہ سے آپ ہارے، اگر اسے دہرائیں گے تو کبھی اقتدار میں نہیں لوٹیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہلی میں اب بدعنوانی، کمیشن خوری، چوری اور لوٹ کو کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اگر کوئی افسر عوامی معاملات میں رشوت لینے یا بدعنوانی کی کوشش کرتا ہے، تو اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ جن دو افسران پر حال ہی میں کارروائی کی گئی ہے، وہی کارروائی دیگر سبھی قصورواروں پر بھی نافذ ہوگی۔
کپل مشرا نے جانکاری دی کہ آئندہ اسمبلی اجلاس میں ’شیش محل‘، دہلی جل بورڈ اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں یونیورسٹیوں کے انتظام سے جڑے معاملات پر کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) کی رپورٹیں ایوان میں پیش کی جائیں گی۔ ان رپورٹوں کے ذریعے مبینہ بدعنوانی اور بے قاعدگیوں پر بحث ہوگی۔
وزیر تعلیم آشیش سود نے کہا کہ عام آدمی پارٹی (عآپ) نے کل دن بھر ٹویٹ کیا اور مہم چلائی کہ دہلی کے اساتذہ اب آوارہ کتوں کی گنتی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عآپ کی سیاست جھوٹ پھیلانا ہے۔ وزیر تعلیم نے عآپ پر تیکھا حملہ کرتے ہوئے کہا کہ عآپ کو بدعنوان لوگوں سے اتنا پیار کیوں ہے؟ جب دہلی حکومت ان کے خلاف کارروائی کر رہی ہے، تو عآپ بدعنوان لوگوں کے ساتھ کیوں کھڑی ہے؟
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن