
جموں، 30 دسمبر(ہ س)۔
ضلع ڈوڈہ میں منشیات کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کو پریوینشن آف الیسٹ ٹریفک اِن نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکوٹروپک سبسٹنسز ایکٹ کے تحت حراست میں لے لیا ہے۔ یہ کارروائی ڈویژنل کمشنر جموں کے احکامات پر عمل میں لائی گئی ہے۔ پولیس میڈیا سیل ڈوڈہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رادھک کٹوچ ولد مبارک چند سکنہ کھلینی ڈوڈہ جو کہ ایک عادی منشیات فروش ہے اور این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت متعدد مقدمات میں ملوث رہا ہے،اُس کو این ڈی پی ایس کے تحت نظر بند کیا گیا ہے۔ ملزم کو ضلع جیل بھدرواہ میں رکھا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ملزم کی سرگرمیاں سماج کے لیے نہایت نقصان دہ ثابت ہو رہی تھیں، خصوصاً نوجوان نسل کے مستقبل کے لیے یہ ایک سنگین خطرہ تھیں۔ رادھک کٹوچ کے خلاف ضلع کے مختلف پولیس تھانوں میں کئی مقدمات درج ہیں، جن میں ایف آئی آر نمبر 13/2020 زیر دفعہ 8/20 این ڈی پی ایس ایکٹ پولیس اسٹیشن اسر اور ایف آئی آر نمبر 46/2025 این ڈی پی ایس ایکٹ پولیس اسٹیشن ڈوڈہ شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق مسلسل منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث رہنے اور مجرمانہ سرگرمیوں کے پیش نظر اس کی نظربندی کو ضروری سمجھا گیا تاکہ وہ آئندہ غیر قانونی منشیات کے کاروبار میں ملوث نہ ہو سکے۔ پولیس کا ماننا ہے کہ یہ کارروائی منشیات فروشوں کے لیے ایک سخت پیغام ثابت ہوگی اور نوجوانوں کو نشے کی لعنت سے بچانے میں مددگار بنے گی۔ پولیس نے مزید بتایا کہ سال 2025 کے دوران ضلع ڈوڈہ میں منشیات کے خلاف مہم کے تحت 24 ایف آئی آر درج کی گئیں، 40 افراد کو گرفتار کیا گیا، تقریباً 14.50 لاکھ روپے مالیت کی منشیات برآمد کی گئیں ۔ جبکہ 45.32 لاکھ روپے مالیت کی جائیداد این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ضبط کی گئی۔ اس کے علاوہ کئی افراد کو احتیاطی قوانین کے تحت بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر