شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے سابق طلبہ کی ری یونین تقریب منعقد
علی گڑھ, 30 دسمبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن، فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کے 2000 بیچ کے طلبہ نے اپنی فراغت کے پچیس برس مکمل ہونے کے موقع پر ایک خصوصی تقریب ’بازگشت:اے ہوم کمنگ‘ کے عنوان سے منعقد کی جس میں سابق ط
ریونین تقریب


علی گڑھ, 30 دسمبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن، فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کے 2000 بیچ کے طلبہ نے اپنی فراغت کے پچیس برس مکمل ہونے کے موقع پر ایک خصوصی تقریب ’بازگشت:اے ہوم کمنگ‘ کے عنوان سے منعقد کی جس میں سابق طلبہ، سینئر اساتذہ اور یونیورسٹی انتظامیہ کے اراکین نے شرکت کی اور قدیم یادوں کو تازہ کرتے ہوئے ادارے سے مضبوط و دیرپا تعلقات کی تجدید کی۔

تقریب سے بطورِ مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے یونیورسٹی کی ترقی و فروغ میں سابق طلبہ کے کردار کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق طلبہ کی فعال شمولیت تعلیمی ماحول کو بہتر بناتی ہے، ادارے کی ساکھ میں اضافہ کرتی ہے اور طلبہ کی ہمہ جہت ترقی میں نمایاں کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے سابق طلبہ سے کہا کہ وہ اپنی مادرِ علمی سے قریبی رابطہ برقرار رکھیں اور رہنمائی، سرپرستی اور ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے اپنا کردار ادا کریں۔

فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کے ڈین پروفیسر محمد نوید خان نے یونیورسٹی کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ مقام کو بلند کرنے میں سابق طلبہ کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بیچ 2000 کے کئی افراد ملک و بیرونِ ملک اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں، جس سے اے ایم یو کی عالمی شناخت کو تقویت ملتی ہے۔

سابق طلبہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر شعبہ پروفیسر سلمیٰ احمدنے کہا کہ تقریباً پچیس برس قبل 2000 بیچ کے طلبہ نے اے ایم یو میں ایم بی اے میں اپنے تعلیمی سفر کا آغاز کیا تھا اور آج سبھی اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں مقام پر فائز ہیں۔

سابق فیکلٹی رکن پروفیسر جاوید اختر نے بھی خطاب کیا اور بیچ 2000 کی میراث اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی قائم کردہ پائیدار تعلیمی اقدار پر روشنی ڈالی۔ پروفیسر پرویز طالب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شعبہ اپنے سابق طلبہ کو ہمیشہ خوش آمدید کہتا رہے گا تاکہ بامعنی ادارہ جاتی تعلقات کو فروغ دیا جا سکے۔

اس موقع پر متعدد سابق طلبہ نے اپنے تجربات بیان کئے اور اے ایم یو میں گزرے تعلیمی دور اور اپنے پیشہ ورانہ سفر کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے تعلیمی، سرپرستی اور ادارہ جاتی سرگرمیوں میں تعاون کا یقین دلایا۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande