
جموں, 25 دسمبر (ہ س)۔
ضلع سانبہ میں فائرنگ کے ایک واقعے میں شہید ہونے والے بھارتی فوج کے جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) صوبیدار سرجیت سنگھ کی جمعرات کے روز ضلع ریاسی کے اُن کے آبائی گاؤں سرلا میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کی گئیں ۔حکام نے بتایا کہ صوبیدار سرجیت سنگھ منگل کی دیر رات سانبہ میں ایک فوجی کیمپ کے اندر فائرنگ کے واقعے میں شدید زخمی ہوئے تھے اور بعد ازاں دورانِ ڈیوٹی شہید ہو گئے۔
جیسے ہی شہید کے جسد خاکی خاکی سرلا گاؤں پہنچی، پورا علاقہ سوگ میں ڈوب گیا۔ اس موقع پر فوج، پولیس اور سول انتظامیہ کے سینئر افسران نے شہید کے تابوت پر پھولوں کی چادریں چڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ضلع کے مختلف علاقوں سے ہزاروں افراد آخری سفر میں شریک ہوئے، جلوس میں شامل ہو کر شہید، بھارتی فوج اور ملک کے حق میں نعرے بلند کیے۔
شہید امر رہے کے نعروں کی گونج میں اہلِ خانہ، رشتہ داروں اور مقامی لوگوں نے آبدیدہ آنکھوں کے ساتھ شہید کو آخری سلام پیش کیا۔
بعد ازاں بندوقوں کی سلامی اور آخری بگل کی آواز کے ساتھ صوبیدار سرجیت سنگھ کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ الوداع کیا گیا۔
بھارتی فوج کی رائزنگ اسٹار کور نے بھی بہادر سپاہی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج اس غم کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتی ہے۔
ادھر بدھ کے روز دفاعی ترجمان نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور حقائق سامنے آنے کے بعد مزید تفصیلات شیئر کی جائیں گی۔ ترجمان کے مطابق، سانبہ میں تعینات ایک فوجی یونٹ کے جے سی او ڈیوٹی کے دوران گولی لگنے سے زخمی ہوئے اور جموں میں دورانِ علاج شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔ ابتدائی طور پر اس واقعے میں دہشت گردی کے پہلو کو خارج از امکان قرار دیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر