
نئی دہلی، 23 دسمبر (ہ س)۔جے ایس ڈبلیو-جی ایم آر کی شریک ملکیت دہلی کیپٹلس نے ہندوستانی اسٹار بلے باز جمائمہ روڈریگس کو ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) 2026 کے سیزن سے قبل ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا ہے۔
ڈبلیو پی ایل کے پہلے سیزن سے ہی دہلی کیپٹلز کی اہم رکن جمائمہ روڈریگس، فرنچائزی کی پہلی نیلامی کا انتخاب تھیں۔ 25 سالہ نوجوان نے حال ہی میں ہندوستان کی تاریخی آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف شاندار ناٹ آوٹ127 رن بنائے، جس سے ہندوستان کو 339 رن کے عالمی ریکارڈ ہدف کا تعاقب کرنے میں مدد ملی اور انہیں یادگار جیت سے ہمکنار کیا۔
جمائمہ نے دہلی کیپٹلس کے لیے 27 ڈبلیو پی ایل میچوں میں 139.67 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 507 رن بنائے ہیں۔ وہ لیگ کے تینوں سیزن میں ٹیم کے فائنلز کا حصہ رہی ہیں۔ میدان میں اپنی توانائی، جوش اور مسکراہٹ کے لیے مشہور، جمائمہ نے دہلی کیپٹلز کے حامیوں اور ہندوستانی خواتین ٹیم کے مداحوں کے ساتھ ایک خاص رشتہ قائم کیا ہے۔
دہلی کیپٹلز کے شریک مالک اور جے ایس ڈبلیو اسپورٹس کے بانی پارتھ جندل نے کہا،”جمائمہ پہلے دن سے ہمارے ساتھ ہیں اور ہمیں ہمیشہ یقین تھا کہ وہ ایک دن اس ٹیم کی کپتانی کریں گی۔ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف ان کی اننگز متاثر کن تھی۔ ہمیں یقین ہے کہ وہ اس کردار میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی اور ٹیم کو تین بار فائنل جیتنے میں مدد کرے گی۔“
دہلی کیپٹلز کے چیئرمین اور شریک مالک کرن کمار گراندھی نے کہا،”ڈبلیو پی ایل کے آغاز سے ہی جمائمہ ہماری ٹیم کی پہلی پسند رہی ہیں۔ ان کی قیادت، توانائی اور ٹیم کے ساتھ تعلق اسے ایک فطری لیڈر بناتا ہے۔“
جمائمہ روڈریگس نے اپنی تقرری پر کہا، ”دہلی کیپٹلز کا کپتان مقرر ہونا ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ یہ ٹیم میرا خاندان ہے اور میں ڈبلیو پی ایل 2026 میں کامیاب مہم شروع کرنے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔“
جمائمہ روڈریگس نے اب تک ہندوستان کے لیے 113 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں 2,444 رن بنائے ہیں، جب کہ انہوں نے 59 ون ڈے میچوں میں 1,749 رن بنائے ہیں۔
دہلی کیپٹلس ڈبلیو پی ایل 2026 میں اپنا پہلا میچ ممبئی انڈینز کے خلاف 10 جنوری بروز ہفتہ نوی ممبئی میں کھیلے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد