
وزیر اعلیٰ نے مرکزی وزیر سے ملاقات کی
جموں, 20 دسمبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مرکزی وزیر جل شکتی سی آر پاٹل سے ملاقات کی اور مرکز کے زیر انتظام علاقے میں جل جیون مشن (جے جے ایم) کے نفاذ سے متعلق اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ ملاقات میں زیر التوا مرکزی فنڈز کی جلد اجرائی، مکمل ہو چکے کاموں کے واجبات کی ادائیگی اور رکی ہوئی اسکیموں کو دوبارہ شروع کرنے پر گفتگو ہوئی۔
وزیر اعلیٰ کے ہمراہ جموں و کشمیر کے وزیر جل شکتی، جنگلات و قبائلی امور جاوید احمد رانا بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ کے دفتر کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران جے جے ایم کے تحت جاری منصوبوں کی پیش رفت، زیر التوا فنڈز کی فراہمی اور تکمیل کے قریب اسکیموں کو جلد پایۂ تکمیل تک پہنچانے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے یقین دلایا کہ جموں و کشمیر حکومت بروقت عمل درآمد، قریبی نگرانی اور جے جے ایم کے اہداف کے حصول کو یقینی بنائے گی اور دیہی گھروں تک صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے ’ہر گھر جل‘ کے عزم کو دہراتے ہوئے مرکزی حکومت کے تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
مرکزی وزیر سی آر پاٹل نے بھی ایکس پر ہندی میں جاری بیان میں کہا کہ ان کی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے ساتھ وزارت جل شکتی اور جموں و کشمیر سے متعلق مختلف اہم امور پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر جموں و کشمیر حکومت اور وزارت جل شکتی کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ اس ماہ کے اوائل میں وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر میں جل جیون مشن کی پیش رفت کا جائزہ لیا تھا، جس میں تمام 20 اضلاع میں گھریلو نل کنکشن (ایف ایچ ٹی سی) کی صورتحال پر ضلع وار تفصیلی غور کیا گیا۔ وزارت جل شکتی کے اعداد و شمار کے مطابق 8 دسمبر تک جموں و کشمیر کے 81.22 فیصد دیہی گھروں کو نل کے ذریعے پانی کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے۔
اکتوبر میں جموں و کشمیر حکومت نے اسمبلی کو بتایا تھا کہ جے جے ایم کے تحت تمام آبی سپلائی اسکیموں کی تکمیل کے لیے مزید 6,254 کروڑ روپے درکار ہوں گے۔ جل جیون مشن کا آغاز اگست 2019 میں دیہی علاقوں میں ہر گھر تک نل کے ذریعے پانی کی فراہمی کے مقصد سے کیا گیا تھا، جس کی مدت کو مرکزی حکومت نے بڑھا کر دسمبر 2028 تک کر دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر