
جموں صوبے کے متعدد اضلاع میں سرچ آپریشن جاری
جموں، 20 دسمبر (ہ س)۔ مشکوک افراد کی نقل و حرکت سے متعلق مصدقہ خفیہ اطلاعات کے بعد سیکورٹی فورسز اور جموں و کشمیر پولیس نے جمعہ کی رات جموں خطے کے سانبہ، کشتواڑ اور راجوری میں بیک وقت جامع تلاشی اور گھیراؤ مہم شروع کی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اطلاع ملتے ہی متعلقہ علاقوں میں اضافی فورس تعینات کر کے ناکہ بندی سخت کر دی گئی۔ ضلع سانبہ کے گھگوال علاقے میں تین مشکوک افراد کی سرگرمیوں کے انپٹ پر پولیس اور سیکورٹی فورسز کی مشترکہ ٹیموں نے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا، جس کے دوران پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ تلاشی کارروائی ہفتہ کے روز بھی جاری رہی۔
ادھر ضلع کشتواڑ کے سنگھ پورہ علاقے میں سیکورٹی فورسز نے تلاشی مہم شروع کی، جبکہ ضلع راجوری میں تھانہ منڈی اور منجاکوٹ سب ڈویژن کے درمیان واقع متعدد دیہات میں مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع کے بعد بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق، مخصوص خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بھارتی فوج نے بھی متعلقہ علاقوں میں علیحدہ اور منظم سرچ آپریشن شروع کیا ہے، جس کے تحت پورے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر مسلسل تلاشی لی جا رہی ہے۔ امن و امان کو یقینی بنانے کے پیش نظر احتیاطی اقدام کے طور پر متاثرہ علاقوں میں انٹرنیٹ سروس عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر