
جموں و کشمیر پولیس کی کرائم برانچ نے ایک جعلساز کو گرفتار کیا
جموں، 8 نومبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر پولیس کے کرائم برانچ یونٹ نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جو سرکاری ملازمت فراہم کرنے کے بہانے ایک امیدوار سے چار لاکھ بیس ہزار روپے ہتھیا کر فرار ہوگیا تھا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت فیض احمد ولد غلام احمد ساکن چاڈورہ، ضلع بڈگام کے طور پر ہوئی ہے، جو 2023 میں درج کیس کے بعد سے گرفتاری سے بچتا پھر رہا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ 28 اکتوبر کو مقدمے کا چالان چیف جوڈیشل مجسٹریٹ پونچھ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔شکایت گزار جاوید اقبال سکنہ پونچھ نے الزام عائد کیا تھا کہ ملزم نے پنچایت اکاؤنٹنٹ کے عہدے پر نوکری دلانے کا جھانسہ دے کر اس سے خطیر رقم وصول کی۔ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم کے خلاف کرائم برانچ میں سال 2022 میں بھی دو دیگر مقدمات درج ہیں۔پولیس کے مطابق ایک خصوصی ٹیم گزشتہ تین ماہ سے اس کی نگرانی کر رہی تھی اور بالآخر اسے جموں سے گرفتار کیا گیا۔ بعد ازاں ملزم کو سب جج پونچھ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اسے عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر