
غریب خاندانوں کو 200 یونٹ مفت بجلی سپلائی سے 2830 کروڑ کا خرچحیدرآباد، 7 نومبر (ہ س)۔
نائب وزیراعلی بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ ریاست میں 53 لاکھ غریب خاندانوں کوماہانہ 200 یونٹ مفت بجلی سپلائی کی جارہی ہے۔ سرکاری خزانہ پراسکیم سے 2830 کروڑ کا اضافی بوجھ پڑرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وقارآباد ضلع میں غریبوں کو 200 یونٹ مفت بجلی سپلائی پرسالانہ 42 کروڑ خرچ کر رہی ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے پرگی میں مختلف ترقیاتی پروگرام کا افتتاح انجام دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پرگی میں ایک ہزار کروڑ مالیت کے الیکٹرسٹی انفراسٹرکچر کاموں کو منظوری دی گئی ہے ۔ 33/11 کے وی کی صلاحیت والے 9 سب اسٹیشن تعمیر کئے جائیں گے ۔ 400 کے وی اور 220 کے وی کے سب اسٹیشن بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیفنس سے متعلق پروجیکٹس میں 3000 کروڑزائد سرمایہ کاری کی توقع ہے ۔ دفاعی شعبہ میں سرمایہ کاری کے نتیجہ میں مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے ۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ پرگی میں صنعتی ترقی کو فروغ دینے کیلئے بجلی سب اسٹیشنوں کی تعمیر کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں مننے گوڑہ تا بیجا پورسڑک کی تعمیر کو منظوری دی گئی تھی لیکن سابق بی آرایس حکومت نے 10 برسوں تک تعمیری کاموں کونظر انداز کیا ۔ کانگریس حکومت سڑک کی تعمیر کے مسئلہ کو نیشنل گرین ٹریبونل سے رجوع کرے گی اور 4 لائین پر مبنی سڑک کی تعمیر کا منصوبہ ہے ۔ نائب وزیراعلی نے غریبوں کو نظراندازکرنے سے متعلق اپوزیشن کے الزامات کومستردکردیا اورکہا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے ریاست کی ترقی کیلئے کوئی کارنامہ انجام نہیں دیا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق