
لندن، 4 نومبر (ہ س)۔ پریمیئر لیگ نے منگل کو انگلینڈ کے سابق ڈیفینڈر کھلاڑی گیری نیول اور بیلجیئم کے سابق اسٹار ایڈن ہیزرڈ کو پریمیئر لیگ ہال آف فیم میں شامل کرنے کا اعلان کیا۔
ہال آف فیم کا مقصد 1992 میں لیگ کے آغاز سے لے کر اب تک غیر معمولی کامیابیاں حاصل کرنے والے اور لیگ میں نمایاں خدمات انجام دینے والے کھلاڑیوں اور مینیجرز کو اعزاز دینا ہے۔ نیویل اور ہیزارڈ کو اس سال 24 موجودہ ہال آف فیم ممبران کے ووٹ سے منتخب کیا گیا ۔ دیگر نمایاں اراکین میں سر ایلکس فرگیوسن، آرسین وینجر، پال شولز، ڈینس برگکیمپ، ونسنٹ کمپنی اور ڈیڈیئر ڈروگبا جیسے عظیم کھلاڑی شامل ہیں۔
گیری نیول نے اپنے انتخاب پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایک بیان میں کہاکہ ”یہ میرے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ جب آپ ان ناموں کو سنتے ہیں جو اس فہرست میں پہلے سے موجود ہیں - فٹ بال لیجنڈز - تو ان کے ساتھ ہونا بہت خاص ہے۔ میں نے ہمیشہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کی ہے اور یہ اعزاز میرے لیے فخر کا لمحہ ہے۔“
ایڈن ہیزرڈ نے کہا، ”میرے لیے، جو بیلجیئم کے ایک چھوٹے سے شیر برین-لی-کومٹے سے آیا ہے اور صرف تفریح کے لیے فٹ بال کھیلنا شروع کیا، یہ اعزاز ناقابل یقین ہے۔ پریمیئر لیگ ہال آف فیم میں شامل ہونا ایک خواب پورا ہونے جیسا ہے۔ یہ کامیابی میرے خاندان، ٹیم کے ساتھیوں، شائقین اور دوستوں ، سب کی ہے۔“
گیری نیویل کا کیریئر
گیری نیول نے اپنا پورا کیریئر مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ گزارا۔ وہ کلب کے سنہری دور کا ایک اہم حصہ رہے اور اپنی قیادت، ذہانت اور مستقل مزاجی کے لیے مشہور تھے۔ نیویل نے 1992 سے 2011 تک یونائیٹڈ کے لیے 400 پریمیئر لیگ میچز کھیلے، 100 سے زیادہ کلین شیٹسدرج کیں اور 35 اسسٹ فراہم کئے۔
انہوں نے اپنے کیریئر میں آٹھ پریمیئر لیگ خطاب جیتے، جن میں 1998/99 میں تاریخی ٹریبل (پریمیئر لیگ، ایف اے کپ اور یو ای ایف اے چیمپئنز لیگ) شامل ہیں۔
ان کے کوچ سر ایلکس فرگیوسن نے کہا”گیری کا طویل اور کامیاب سفر – 14 سال کی عمر میں یونائیٹڈ یوتھ ٹیم سے انگلینڈ کی ٹیم تک – انہیں اس اعزاز کا حقیقی مستحق بناتا ہے۔“
ایڈن ہیزرڈ کا کیریئر
ایڈن ہیزرڈ نے 2012 میں للی سے چیلسی میں شامل ہو کر پریمیئر لیگ میں دھماکہ خیز آغاز کیا ۔ انہوں نے چیلسی کے لیے 245 مقابلوں میں 85 گول کیے اور 54 اسسٹ کئے۔
2014/15 کے سیزن میں، انہوں نے 14 گول اور 9 اسسٹ کے ساتھ ٹیم کوخطاب تک پہنچایا، اور اسی سال انہوں نے پریمیر لیگ پلیئر آف دی سیزن، پی ایف اے پلیئرز پلیئر آف دی ایئر اور فٹ بال رائٹرز پلیئر آف دی ایئر کا ٹرپل اعزاز حاصل کیا۔
انہوں نے 2016/17 میں چیلسی کو اس کا دوسرا لیگ خطاب بھی دلایا۔ ہیزرڈ کو چار بار پی ایف اے ٹیم آف دی ایئر میں شامل کیا گیا اور 2019 میں پریمیئر لیگ سے ریٹائر ہوئے۔
ان کے سابق کوچ، جوزے مورینہو نے کہا، ”ایڈن، تمہیں اس فہرست میں شامل ہوتے دیکھ کر مجھے بہت فخر ہو رہاہے۔ تم ان سب سے حیرت انگیز کھلاڑیوں میں سے ایک ہو جن کے ساتھ میں نے کام کیا ہے اورتم وہاں ہونے کے پوری طرح مستحق ہو۔“
دونوں کھلاڑیوں کو 4 نومبر 2025 کو منعقد ہونے والے ہال آف فیم پروگرام میں باضابطہ طور پر اعزاز سے نوازا جائے گا۔ ہر اعزاز پانے والے کو ان کے نام کے ساتھ ایک تمغہ اور پاونڈ10,000 (تقریباً 10 لاکھ روپے ) کی رقم بطور عطیہ ان کی پسندیدہ فلاحی تنظیم کو دی جائے گی۔
پریمیئر لیگ ہال آف فیم کا آغاز 2021 میں ہوا تھا۔ پہلے سال ڈیوڈ بیکہم، ڈینس برگکیمپ، ایرک کینٹونا، تھیری آنری، رائے کین، فرینک لیمپارڈ،ا سٹیون جیرارڈ اور ایلن شیئرر کو شامل کیا گیا تھا۔
اس کے بعد سرجیو اگیرو، ڈیڈیئر ڈروگبا، وین رونی، ونسنٹ کمپنی، پال شولس، پیٹرک ویرا اور ایان رائٹ کو جگہ ملی ۔
سر ایلکس فرگیوسن اور آرسین وینجر 2023 میں پہلے مینیجر کے طور پر شامل ہوئے۔ گزشتہ برس ایشلے کول، اینڈی کول اور جان ٹیری کو یہ اعزاز ملا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد