
حیدرآباد ، 23 نومبر (ہ س)۔مرکزی وزیر فینانس نرملاسیتارامن 28نومبرکواے پی کے دارالحکومت امراوتی کا دورہ کریں گی۔اس دورہ کے دوران وہ مختلف قومی بینکوں کے لئے تعمیر کئے جانے والے ہیڈکوارٹر کی عمارت کے تعمیری کاموں کا سنگِ بنیاد رکھیں گی۔کیپٹل ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (سی آرڈی اے)کی جانب سے پہلے ہی مختلف بینکوں کواراضیات الاٹ کی جاچکی ہیں۔سنگِ بنیاد پروگرام کے بعد نرملا سیتارامن سی آر ڈی اے مرکزی دفتر میں منعقد ہونے والے پروگرام میں شرکت کریں گی۔ 12 بڑے بینکوں کے ہیڈکوارٹر امراوتی منتقل کئے جارہے ہیں۔ ریاستی حکومت نے 12 اہم قومی بینکوں کے لئے ہیڈکوارٹر عمارتوں کی تعمیر کی منظوری دی ہے۔اگرچہ گزشتہ ماہ ہی سنگِ بنیاد کا پروگرام طے کیا گیا تھا لیکن مختلف وجوہات کی بنا پر اسے مؤخر کرنا پڑا۔2014 سے 2019 کے درمیان تلگو دیشم حکومت کے دور میں بھی بینکوں کو اراضیات الاٹ کی گئی تھیں، لیکن اس وقت بینکوں نے کوئی خاص دلچسپی ظاہر نہیں کی تھی۔موجودہ مخلوط حکومت کے آنے کے بعد بینک نمائندوں سے دوبارہ بات چیت کی گئی اور انہیں امراوتی میں قیام پر آمادہ کیا گیا۔ حکومت نے اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے لئے 3 ایکڑ اراضی مختص کی ہے۔جن دیگر بینکوں کی عمارات ایک ساتھ تعمیر شروع ہوں گی، ان میں کینرا بینک، یونین بینک آف انڈیا، بینک آف بروڈا، انڈین بینک، آندھرا پردیش اسٹیٹ کوآپریٹو بینک، پنجاب نیشنل بینک، بینک آف انڈیا،سنٹرل بینک آف انڈیاشامل ہیں۔ان تمام عمارات میں متعلقہ ریاستی ہیڈکوارٹر قائم کئےجائیں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق