مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی کے زیر اہتمام نرسنگھ پور میں سلسلہ کے تحت شعری نشست اور شام غزل منعقد
بھوپال، 16 نومبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی، سنسکرتی پریشد، محکمۂ ثقافت کے زیر اہتمام ضلع ادب گوشہ، نرسنگھ پور کے ذریعے ’’سلسلہ‘‘کے تحت شعری نشست اور شام غزل کا انعقاد 16 نومبر، 2025 کو آزاد پیلیس، تیندو کھیڑا،نرسنگھ پور میں ضلع کوآرڈینیٹر ا
مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی کے زیر اہتمام نرسنگھ پور میں سلسلہ کے تحت شعری نشست اور شام غزل منعقد


بھوپال، 16 نومبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی، سنسکرتی پریشد، محکمۂ ثقافت کے زیر اہتمام ضلع ادب گوشہ، نرسنگھ پور کے ذریعے ’’سلسلہ‘‘کے تحت شعری نشست اور شام غزل کا انعقاد 16 نومبر، 2025 کو آزاد پیلیس، تیندو کھیڑا،نرسنگھ پور میں ضلع کوآرڈینیٹر انیس شاہ کے تعاون سے کیا گیا۔

نرسنگھ پور میں منعقدہ ’’سلسلہ‘‘ کے لیے مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی نے اپنے پیغام میں کہا کہ مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی کے زیر اہتمام ضلع سطحی سلسلہ پروگرام کے تحت نرسنگھ پور کے تخلیق کاروں کو پلیٹ فارم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ہماری یہ کوشش ہے کہ دیگر شعبوں میں بھی جو مقامی صلاحیتیں موجود ہیں، انہیں فروغ ملے۔ نرسنگھ پور کے صوفی غزل گلوکار منیش شکلا کو اسٹیج دینا اسی عزم کا حصہ ہے۔ یہ ضروری بھی ہے کیونکہ جب مقامی فنکار اپنے ہی شہر کی محفل میں داد حاصل کرتے ہیں تو ان کا فن مزید نکھرتا ہے اور علاقائی ثقافتی ماحول بھی مزید بہتر ہوتا ہے۔

نرسنگھ پور ضلع کے کوآرڈینیٹر انیس شاہ نے بتایا کہ سلسلہ کے تحت دوپہر 12 بجے شعری نشست کا انعقاد ہوا جس کی صدارت تیندو کھیڑا کے سابق نگر پالیکا چیئرمین کملیش پجاری نے کی۔وہیں مہمان خصوصی کے طور پر ڈاکٹر پرکاش جین اور مہمان ذی وقار کے طور پر ناراین داس مہنت اسٹیج پر جلوہ افروز رہے ۔

شعری نشست میں جن شعراء نے کلام پیش کیا، ان کے نام اور اشعار درج ذیل ہیں:

زباں سے جیسے میٹھی میٹھی مصری گھول دیتا ہے

وہ جب بزمِ سخن میں آ کے اردو بول دیتا ہے

مہک جاتا ہے میرے دل کا گوشہ گوشہ خوشبو سے

گلستاں کی طرف کی جیوں وہ کھڑکی کھول دیتا ہے

انیس شاہ 'انیس

ادب کی زندگی میں کیا کمی ہے

اکڑ میں ٹوٹ جانا لازمی ہے

اروند سنگھ کلپ

کاٹنے والے تو بس کاٹ ہی دیتے ہیں شجر

اب وہ سوکھا ہے کہ شاداب کہاں دیکھتے ہیں

دھرمیندر آزاد

اپنے ارمان قتل کر کے ہی

رنگ خوابوں میں بھر رہی ہوں میں

جیوتی شریواستو

تمہیں یہ لگتا ہے آنسو بہا رہے ہیں ہم

جو آگ دل میں لگی ہے بجھا رہے ہیں ہم

یوگیندر سنگھ یوگی

غزل کا مرتبہ کیا ہے ہمیں معلوم ہے صاحب

ابھی تک ایک مصرعے میں نہیں کی مسخری ہم نے

لکھن ڈیہریا

نئی نئی ہے یہ دنیا نیا نیا ہوں میں

کبھی کبھی تو یہاں خود کو ڈھونڈتا ہوں میں

یہ زندگی کا سفر کتنے روپ ہیں اس کے

ہر ایک روپ میں کتنا جدا جدا ہوں میں

ڈاکٹر اے کے سونی مولک

درد جس نے زیادہ سہا ہے 'سرس،

اس نے اتنی ہی اچھی سنواری غزل

ستیش تیواری 'سرس

تمہارا کانچ کا ہے گھر سرکشت

کسی کے ہاتھ میں پتھر نہیں ہے

نندکشور شرما

شعری نشست کے بعد محفل غزل کا انعقاد ہوا جس میں نرسنگھ پور کے مشہور غزل گلوکار منیش شکلا نے اپنی مدھر آواز میں غزلیں پیش کر سامعین کو جھومنے پر مجبور کیا۔ انھوں نے درج ذیل غزلیں پیش کیں:

1. ہم ترے شہر میں آئے ہیں مسافر کی طرح

2. یہ عنایتیں عجب کی یہ بلا کی مہربانی

3. سرکتی جائے ہے رخ سے نقاب آہستہ آہستہ

4. کترا کے زندگی سے گزر جاؤں کیا کروں

5. میں بھٹکتا ہی رہا دشتِ شناسائی میں

6. تمہاری آنکھیں کمال آنکھیں، تمہارا حسن و جمال آنکھیں

پروگرام کی نظامت کے فرائض انیس شاہ نے بحسن خوبی انجام دیے۔پروگرام کے آخر میں انھوں نے تمام مہمانوں، تخلیق کاروں اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande