
نئی دہلی،16نومبر(ہ س)۔ ہندوستان میں سلسلہ نقشبندیہ کے بانی حضرت خواجہ باقی باللہ علیہ الرحمہ کی درگاہ کی حالت ایسی کردی گئی ہے کہ زائرین کی آنکھیں دیکھ کر اشک بار ہورہی ہیں۔تعمیر نو کے لیے درگاہ کی چہار دیواری اور چھت کو پوری طرح منہدم کردیا گیا ہے اور اسٹے کی وجہ سے اس کی جلد تعمیر ممکن نظر نہیں آتی۔اس تنازعہ کی وجہ سے درگاہ کی حالت ایسی ہوگئی ہے کہ درگاہ پر نیلے رنگ کا پلاسٹک پڑا ہے اور چاروں جانب ہرے رنگ کا پردہ ڈالا گیا ہے۔ہر روز اس درگاہ پر سینکڑوں کی تعدا د میں لوگ ملک و بیرون ممالک بشمول غیر مسلم حاضری دیتے ہیں۔ درگاہ کی حالت دیکھ کر زائرین میں غم و غصہ بھی پایا جارہا ہے، زائرین سوال کررہے ہیں کہ آخر اتنے بڑے بزرگ کے آستانہ کی یہ حالت کرنے کا ذمہ دار کون ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اگلے ماہ خواجہ صاحب کا عرس بھی آرہا ہے جہاں بڑی تعداد میں عقیدت مند حاضری دیتے ہیں۔زائرین نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی کہ آج وقف کی املاک کی کیا حالت ہے اور جہاں بھی اس طرح کے تنازعات ہوتے ہیں وہاں حکومت کی جانب سے رسیور مقرر کردیا جاتا ہے تو کیا یہاں بھی تنازعہ کی وجہ سے رسیور کو دعوت دی جارہی ہے۔ کیا درگاہ کی یہ حالت کرنے والوں کو موجودہ حالات کا علم نہیں ہے۔ زائرین کا کہنا ہے کہ یہ تنازعہ حل ہونا چاہئے اور درگاہ کو کسی بھی تنازعہ کا شکار نہیں بنانا چاہئے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais