تلگو دیشم پارٹی جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب میں مقابلہ نہیں کرے گیحیدرآباد، 9 اکتوبر (ہ س)۔ سربراہ تلگو دیشم پارٹی و وزیراعلی آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب میں مقابلہ نہ کرنے اور نا ہی کسی دوسری پارٹی کی تائید کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی کے قائدین کو تلنگانہ میں تلگو دیشم پارٹی کو تنظیمی سطح پر مستحکم کرنے کے لیے سرگرم ہوجانے کا مشورہ دیا۔ آندھرا پردیش کے امراوتی سی ایم کیمپ آفس پر چندرابابو نائیڈو نے تلنگانہ تلگو دیشم قائدین سے ملاقات کی۔ سربراہ تلگو دیشم سے ملاقات کرنے والوں میں تلنگانہ کے مختلف اضلاع کی نمائندگی کرنے والے تلگو دیشم کے قائدین موجود تھے۔ چندرا بابو نائیڈو نے پارٹی قائدین سے تلنگانہ کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ واضح رہے کہ تلگو دیشم پارٹی نے تلنگانہ میں اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں حصہ نہیں لیا تھا۔ آندھرا پردیش میں بی جے پی اور جنا سینا سے اتحاد کرتے ہوئے مخلوط حکومت تشکیل دینے کے بعد اب اپنی ساری توجہ تلنگانہ پر مرکوز کردی ہے۔ اسی تناظر میں جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب اور مقامی اداروں کے انتخابات کا جائزہ لینے کے لیے پارٹی کے قائدین کو آندھرا پردیش طلب کرتے ہوئے تبادلہ خیال کیا۔ ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کے لیے پارٹی تیار نہ ہونے کا متفقہ فیصلہ رہنے کے بعد انتخاب سے دورکانگریس اور بی آر ایس میں کسی بھی پارٹی کی تائید نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ آندھرا پردیش میں بی جے پی سے اتحاد ہے لہذا اگر بی جے پی کی جانب سے اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں تلگو دیشم سے تائید طلب کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں بی جے پی کے ساتھ مل کر کام کرنے کا تلگو دیشم قائدین کو مشورہ دیا ۔بصورت دیگر ضمنی انتخاب سے دوری اختیار کرنے کی پارٹی کے قائدین کو ہدایت دی ۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق