او بی سی ریزرویشن کے حق میں آلیگاؤں کے کارکن کی خودکشی
اکولہ،
9 اکتوبر (ہ س)۔ ضلع اکولہ کے آلیگاؤں (تعلقہ پٹور) کے رہائشی اور او بی سی ریزرویشن
کے سرگرم حامی وجے بوچارے نے منگل کی صبح مبینہ طور پر ریزرویشن کے مستقبل پر غیر یقینی
صورتحال کے باعث خودکشی کرلی۔ 59 سالہ وجے بوچارے نے آلیگاؤں بس اسٹینڈ کے مسافر
خانے میں پھانسی لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔
بوچارے
نے موت سے قبل اپنے موبائل پر مسلسل تین جذباتی اسٹیٹس پوسٹ کیے، جن میں انہوں نے
لکھا، “او بی سی ریزرویشن متاثر نہیں ہونا چاہئے، ذات کی مردم شماری کرائی جائے،
ہماری زندگی کا کوئی مطلب نہیں رہا۔” اپنے ایک خط میں انہوں نے وزیر اعلیٰ اور او
بی سی رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مراٹھا ریزرویشن کے بارے میں ریاستی
حکومت کے حالیہ فیصلے نے او بی سی طبقے میں گہرا عدم تحفظ پیدا کر دیا ہے۔
انہوں
نے مزید لکھا کہ ہمارے بچوں کا مستقبل خطرے میں ہے، ہم تعلیم، روزگار اور سیاست
میں اپنا حق کھو رہے ہیں۔ یہ پیغام انہوں نے صبح تقریباً ڈھائی بجے پوسٹ کیا،
جس کے کچھ دیر بعد انہوں نے پھانسی لگا لی۔ پولیس
کے مطابق اطلاع ملنے پر چنی تھانے کا عملہ فوراً جائے وقوعہ پر پہنچا، پنچنامہ کیا
اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اکولا کے سرووپچار اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے مقدمہ
درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
وجے
بوچارے، جو اپنی برادری کے حقوق کے لیے برسوں سرگرم رہے اور ریاستی وزیر چھگن
بھجبل کے حامی سمجھے جاتے تھے، ان کی موت سے گاؤں میں غم اور اشتعال کی فضا پیدا
ہوگئی ہے۔ مقامی باشندوں نے کہا کہ “بوچارے ایک سماجی کارکن اور انصاف کے علمبردار
تھے، ان کا یہ انتہائی قدم پورے تعلقہ کے لیے صدمہ ہے۔”
ہندوستھان
سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے