اے ایم یو کے طلبہ کی ٹیم نے انڈیا سپلائی چین اسٹوڈنٹ چیلنج 2025 میں پہلا مقام حاصل کیا
علی گڑھ, 9 اکتوبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبہ پر مشتمل ٹیم ”دی ڈان“ نے انڈیا سپلائی چین اسٹوڈنٹ چیلنج 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلا مقام حاصل کیا۔ اس مقابلے میں ملک کے 45 ممتاز بزنس اسکولوں کی 75 ٹیموں نے حصہ لیا۔
اے ایم یو طلبہ


علی گڑھ, 9 اکتوبر (ہ س)۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبہ پر مشتمل ٹیم ”دی ڈان“ نے انڈیا سپلائی چین اسٹوڈنٹ چیلنج 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلا مقام حاصل کیا۔ اس مقابلے میں ملک کے 45 ممتاز بزنس اسکولوں کی 75 ٹیموں نے حصہ لیا۔ اس میں انڈین انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ،بِٹس پلانی، آئی ایس بی، جامعہ ملیہ اسلامیہ، اور این ایم آئی ایم ایس ممبئی جیسے ادارے شامل تھے۔

اے ایم یو کی فاتح ٹیم میں محمد آدم (ایم بی اے، سالِ آخر، فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ)، محمد سمیع (بی بی اے، سال سوم، شعبہ کامرس)، اور سمیحہ فاطمہ (بی کام، سالِ دوم، ویمنس کالج) شامل تھے۔ انھوں نے عالمی سطح پر معروف سپلائی چین مینجمنٹ سیمولیشن ’دی فریش کنیکشن‘ میں غیر معمولی تجزیاتی مہارت و حکمت عملی کا مظاہرہ کیا۔ ٹیم نے مقابلے کے ہر مرحلہ میں عمدہ کارکردگی پیش کی اور پہلے مقام پر رہی۔ ٹیم کی رہنمائی پروفیسر صبوحی نسیم (شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن) نے کی۔

اس کامیابی کی بدولت اے ایم یو کی ٹیم کو پچاس ہزار روپے کے نقد انعام کے ساتھ اِن چینج کے گلوبل اسٹوڈنٹ چیلنج 2026 میں مفت شمولیت کا موقع مل گیا۔ اس کے علاوہ آئی ایس سی ای اے سرٹیفیکیشن پروگرام تک رسائی، اور برجر پینٹس انڈیا کے ساتھ پری پلیسمنٹ انٹرویو کا موقع بھی حاصل ہوا۔

طلبہ کی اس غیر معمولی کامیابی پر وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے انھیں مبارکباد پیش کی اور ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر پروفیسر سلمیٰ احمد (چیئرپرسن، شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن)، پروفیسر عائشہ فاروقی (ڈین، فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ)،اور پروفیسر محمد آصف خان (ڈین و چیئرمین، شعبہ کامرس) موجود تھے۔

وائس چانسلر نے ٹیم کی اختراعی سوچ اور بین شعبہ جاتی اشتراک و تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اے ایم یو اپنے طلبہ کی صلاحیتوں کو مسلسل نکھار کر قومی و بین الاقوامی سطح پر انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔

ٹیم نے اس کامیابی کو اپنے اساتذہ اور اے ایم یو کے تعلیم دوست ماحول کے نام کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے درمیان باہمی تعاون اور اجتماعی ہم آہنگی کی علامت ہے۔

ٹیم ڈان اب اِ ن چینج گلوبل اسٹوڈنٹ چیلنج 2026 میں اے ایم یو اور ملک کی نمائندگی کرے گی، جو قومی شناخت سے بین الاقوامی پہچان کی جانب ایک قابل فخر پیش رفت ہے۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande