
نئی دہلی، 30 اکتوبر (ہ س)۔ ہندوستان نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان تنازعہ میں کھل کر افغانستان کا ساتھ دیا ہے اور پاکستان کو دو ٹوک الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ سرحد پار دہشت گردی پھیلانے کی اس کی پالیسی اس کے دونوں پڑوسیوں کو ناقابل قبول ہے۔ ہندوستان نے یہ بھی کہا کہ وہ افغانستان میں دریائے کنہار پر مجوزہ ڈیم کی تعمیر میں افغان حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرے گا۔
جمعرات کو یہاں ایک باقاعدہ میڈیا بریفنگ میں دریائے کنہار پر ڈیم کی تعمیر میں افغان حکومت کی تجویز میں ہندوستان کے کردار کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں، وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا، ”جیسا کہ حال ہی میں منظور کیے گئے ہندوستان-افغانستان مشترکہ بیان میں زور دیا گیا ہے، ہندوستان،افغانستان کے پائیدار آبی انتظام میں ، جس میں ہائیڈرو پاور پروجیکٹس بھی شامل ہیں ، تعاون کے لئے تیار ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی ایک طویل تاریخ رہی ہے، جس میں سلمی ڈیم بھی شامل ہے، جسے آج بھارت-افغانستان دوستی ڈیم بھی کہا جاتا ہے۔“
قابل ذکر ہے کہ افغانستان سے آنے والا دریائے کنہار پاکستان کو پانی فراہم کرنے کا ایک اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ افغان طالبان حکومت کی اس تجویز سے پاکستان میں کھلبلی مچ گئی ہے اور پاکستانی رہنماوں نے اس تجویز کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ درحقیقت، اس دریا کا پانی روکنے سے پاکستان میں خشک سالی ہو سکتی ہے کیونکہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے پر بھی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔
افغانستان اور پاکستان کے درمیان سرحدی تنازعہ اور فوجی جھڑپوں کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں جیسوال نے پچھلی بریفنگ سے اپنے بیان کو دہرایا۔ انہوں نے کہاکہ ”پاکستان اس بات سے پریشان ہے کہ افغانستان اپنی سرزمین پر خودمختاری قائم کر رہا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ پاکستان کو یقین ہے کہ اسے سزا کے خوف کے بغیر اپنی مرضی سے سرحد پار دہشت گردی کرنے کا حق ہے۔ اس کے پڑوسیوں کو یہ ناقابل قبول ہے۔“ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا، ”ہندوستان، افغانستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور آزادی کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔“
افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے لیے اہم تجارتی گیٹ وے ایران میں ہندوستان کے تعاون سے تیار ہونے والی چابہار بندرگاہ پر امریکی پابندیوں سے چھوٹ کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے تسلیم کیا کہ ہندوستان کو امریکہ کی طرف سے چھ ماہ کی چھوٹ مل گئی ہے۔ یہ چھوٹ بدھ 29 اکتوبر سے نافذ العمل ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ”ہمیں بندرگاہ پر عائد امریکی پابندیوں سے چھ ماہ کی چھوٹ دی گئی ہے۔“
سوشل میڈیا پر تاجکستان کی حکومت کے ذریعہ ہندوستانی فضائیہ کے عینی اڈے کو واپس لینے کے بارے میں گردش کرنے والی خبروں کے بارے میں پوچھے جانے پر، جیسوال نے کہا کہ تاجکستان کی حکومت کے ساتھ ائیر بیس کو لاجسٹکس کے لیے استعمال کرنے کا معاہدہ ختم ہونے کے بعد ہندوستان نے اسے 2022 میں ہی واپس کر دیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد