
کوالالمپور،26اکتوبر(ہ س)۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایشیائی دورے کے آغاز پر آج بروز اتوار کوالالمپور ایئرپورٹ پہنچ گئے۔کوالالمپور ایئرپورٹ پر ٹرمپ کا استقبال ایک مقامی رقاص طائفے نے اس وقت کیا،جب وہ ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کے ساتھ سرخ قالین پر چل رہے تھے۔ ٹرمپ سرخ قالین سے اتر کر تقریباً 10 سیکنڈ تک طائفے کے سامنے رقص کیا۔ٹرمپ چند روز کے لیے ایشیا میں موجود ہیں تاکہ علاقائی رہنماوں سے ملاقاتیں کر سکیں۔اگلے جمعرات کو وہ جنوبی کوریا میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے تاکہ دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتوں کے درمیان تجارتی تنازعے پر بات چیت کی جا سکے۔ جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک کی ایسوسی ایشن (آسیان) کی سرگرمیوں کی قیادت ان دنوں ملائشیا کے وزیر اعظم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ سربراہی اجلاس ایسے عالمی جغرافیائی سیاسی غیر یقینی حالات اور بڑھتی ہوئی اقتصادی تقسیم کے تناظر میں منعقد ہو رہا ہے۔ملائشیا کی وزارت خارجہ نے بتایا کہ آسیان سربراہی اجلاس کے ایجنڈے میں متعدد سرگرمیاں اور دو طرفہ ملاقاتیں شامل ہیں، جن میں سات شراکتی ممالک آسٹریلیا چین بھارت جاپان جنوبی کوریا روس اور امریکہ کے نمائندوں کے ساتھ آسیان پلس ون کی ملاقاتیں شامل ہیں نیز آسیان پلس تھری (چین جاپان جنوبی کوریا) کی ملاقات اور کوالالمپور میں مشرقی ایشیا کا سربراہی اجلاس بھی ہو گا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan