
جموں, 23 اکتوبر (ہ س)۔ بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ترون چغ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ جموں و کشمیر کو ریاستی درجہ بحال کرنے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ ریاستی درجہ بحال کریں گے، اور جموں و کشمیر کو ضرور ریاستی حیثیت واپس ملے گی۔انہوں نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ پر الزام عائد کیا کہ وہ عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔
عمر عبداللہ یہ تاثر دے رہے ہیں کہ لیفٹیننٹ گورنر (ایل جی) حکومت کے کام میں رکاوٹ ہیں، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ صرف پولیس محکمہ ایل جی کے ماتحت ہے، باقی تمام محکمے خود عمر عبداللہ کے اختیار میں ہیں۔ وہ اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے عوام کو غلط بیانی سے بہکا رہے ہیں۔بی جے پی لیڈر نے مزید کہا کہ عمر عبداللہ اور اُن کی پارٹی کے اراکینِ اسمبلی عوامی خدمت کے بجائے مراعات کے مزے لینے میں مصروف ہیں۔
عمر عبداللہ حکومت کے پروٹوکول اور ریڈ لائٹ کلچر میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ اُن کی حکومت کو 375 دن مکمل ہو چکے ہیں، لیکن زمینی سطح پر کوئی تبدیلی نظر نہیں آتی۔ یہ حکومت عام لوگوں کے مسائل سے غافل ہے۔ترون چغ نے کہا کہ بی جے پی جموں و کشمیر میں امن، ترقی اور انصاف کے ایجنڈے پر قائم ہے اور ریاستی درجہ کی بحالی خطے میں جمہوریت کے استحکام کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر