نئی دہلی، 23 اکتوبر (ہ س )۔ ویلفیئر پارٹی آف انڈیا سعودی عرب کی حکومت کے ذریعہ کفالہ نظام ختم کر نے کے فیصلہ کا خیر مقدم کر تی ہے۔ اس فیصلہ سے لاکھوں غیر ملکی مزدوروں بشمول ہندوستانیوں کو فائدہ پہنچے گا۔
ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے قومی جنرل سیکریٹری( آرگنائزیشن ) ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے ایک پریس بیان میں سعودی حکومت کے اس تاریخی فیصلہ کا خیر مقدم کر تے ہوئے کہا کہ50 سالہ کفالہ نظام جس سے غیر ملکی تارکین وطن بالخصوص مزدور پیشہ طبقے کو کافی مشکلات کا سامنا تھا، کا خاتمہ ایک خوش آئند قدم ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں اس نظام کو ’جدید غلامی‘ سے تعبیر کر تی تھیں۔ اس نظام کے غلط استعمال سےآجرادرکفیل مزدوروں کا استحصال کر تے تھے، ان کی نقل وحرکت محدود کر دی جاتی، اکثر اوقات تنخواہیں روک لی جاتیں، پاسپورٹ ضبط کر لئے جاتے اور وہ قانونی مدد سے بھی محروم ہو جاتے۔ ان مزدوروں کے لئے نہ اپنے وطن واپس لوٹنا آ سان تھا اور نہ ہی انصاف کا حصول ممکن۔ بالخصوص گھریلو ملازمہ خواتین کے ساتھ بد سلوکی کی شکایتیں عام تھیں۔
انہوں نے کہا یہ فیصلہ سعودی عرب کی مزدور پالیسی میں ایک تاریخی اصلاح ہے جو نہ صرف مملکت کے لاکھوں غیر ملکی مزدوروں بلکہ ان کے اہل خانہ کے لئے بھی امید کی ایک کرن ہے۔ انہوں نے کہا اب نئے اصلاحی نظام کے تحت مزدوروں کے لئےمعاہدہ (کنٹریکٹ) پر مبنی روزگار کے نظام کو متعارف کردیا گیا ، جو مزدوروں کو زیادہ آزادی اور خودمختاری فراہم کرے گا۔ اب مزدور اپنے موجودہ آجرکی اجازت کے بغیر نوکری تبدیل کر سکیں گے، کفیل کی اجازت کے بغیر ایگزیٹ ویزا لے کر ملک چھوڑ سکیں گے، مزید یہ کہ غیر ملکی مزدوروں کو قانونی چارہ جائی اور شکایات درج کرانے کا موقع بھی حاصل ہو گا تاکہ ان پر ہو نے والے ممکنہ ظلم یا استحصال کو روکا جا سکے۔
ڈاکٹر الیاس نے کہا اس وقت سعودی عرب میں ایک کروڑ چوبیسلاکھ تارکین وطن ہیں جن کی اکثریت بنگلہ دیش، بھارت، نیپال اور فلپائن سے تعلق رکھتی ہے۔ ایک اندازہ کے مطابق ہندوستانی ملازم پیشہ طبقہ کی تعداد تقریباََ 25 لاکھ ہے۔ ظاہر ہے ان اصلا حات سے ملازم پیشہ طبقہ کو جہاں اپنی ملازمت تبدیل کر نے کی آ سانی ہو گی وہیں آجر/کفیل کے ذریعہ ہو نے والے استحصال سے بھی نجات ملے گی نیز ملازمت کی تبدیلیوں سے بہتر امکانات روشن ہوں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais